سندھ بھر میں دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ ایکشن ان کے خاتمے تک جاری رہے گا، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن

جمعہ 20 مارچ 2015 21:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے جمعہ کے روز آرام باغ کے علاقے میں صالح مسجد اور بعد ازاں شام کے وقت میں نارتھ ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ اور شرمناک عمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہماری رینجرز اور پولیس کے حوصلے پہلے بھی بلند تھے اور اب بھی بلند ہیں اور کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ ایکشن ان کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ نمازیوں پر حملہ کرکے دہشتگرد اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس ملک کی غیور عوام پر مسلط ہوجائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے امن و امان کی بحالی کے اداروں بالخصوص ہماری رینجرز اور پولیس نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے اور اب وہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔

انہوں نے شام کے وقت میں رینجرز کی موبائل پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز پر حملہ شرمناک اور بزدلانہ عمل ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری رینجرز اور پولیس کے حوصلے پہلے بھی بلند تھے اور اب بھی بلند ہیں۔ کراچی سمیت صوبے بھر میں دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ ایکشن جاری رہے گا۔ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ رینجرز اور پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں