آرام باغ کے علاقے میں بوہری جماعت خانے کے سامنے بم دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر

جمعہ 20 مارچ 2015 19:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے آرام باغ کے علاقے میں بوہری جماعت خانے کے سامنے بم دھماکے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال ایک بہت بڑے انتشار کی نشاندہی کررہی ہے اور اس صورتحال میں سندھ کے شہری علاقوں میں مذہبی انتہاپسندوں اور ان کے دہشت گرد عسکری گروہوں کے غلبے کا بہت بڑا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

یہ دہشت گرد پر امن شہریوں کی عبادت گاہوں پر حملے کرکے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں اور ان میں یہ احساس پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ وہ بے سہارا اور بے یارو مددگار رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہاپسندی کے مخالف ان تمام عناصر کے لئے جو اس وقت پریشان حال اور منتشر ہیں پاکستان پیپلزپارٹی ایک مستحکم پلیٹ فارم ہے جس نے اپنی تاسیس سے لے کر اب تک مذہبی انتہاپسندی اور دہشت گردی کا جم کر مقابلہ کیا ہے اور کارکنوں سے لے کر قائدین تک نے قربانیاں دی ہیں لیکن کبھی اپنے موقف میں لچک نہیں آنے دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک حصے میں آپریشن خیبر ون اور ضرب عضب پوری شدت کے ساتھ جاری و ساری ہے جس کی بدولت دہشت گردوں کی قوت کو شدید ضرب لگائی جا چکی ہے اور وہ تتر بتر ہو چکے ہیں اسی سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں بھی پوری شدت کے ساتھ مذہبی انتہا پسندوں اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف برسربیکار ہیں لیکن گزشتہ چند ماہ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مذہبی انتہا پسندوں اور طالبان دہشت گردوں کے خلاف کوئی بڑی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی جبکہ طالبان دہشت گرد اور مذہبی انتہا پسند گروہ کراچی کے کئی علاقوں با لخصوص مضافاتی علاقوں میں اپنے مضبو ط گڑھ قائم کر چکے ہیں ،رواں مہینے میں کراچی میں دو بم دھماکے اور ایک نجی اسکول پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ طالبان دہشت گردوں کی جانب سے ریاست کو کھلی دھمکی کے مترادف ہے لہذا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن اپنی اصل روح کے مطابق جاری رکھا جانا چاہئے ،وگرنہ اندیشہ ہے کہ کراچی جو پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہ بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی حالت میں مذہبی انتہاپسندی کے مخالف امن پسند عوام اور سیاسی عناصر کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔ پارٹی کے دروازے ہر ترقی پسند کے لئے کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کی تمام تنظیموں کو ہدایت کی کہ وہ وسیع تر اتحاد قائم کرتے ہوئے ثابت قدمی کے ساتھ اس خطرے کا مقابلہ کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں