کراچی ‘آرام باغ کی بارانی مسجد کے باہر دھماکہ‘ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، خاتون سمیت 22 افراد زخمی

دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا‘7موٹرسائیکلیں تباہ‘ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے‘ پولیس و رینجرز کاسرچ آپریشن صدر‘وزیراعظم‘ عمران خان‘ آصف زرداری‘ سراج الحق کی دھماکے کی مذمت

جمعہ 20 مارچ 2015 16:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے آرام باغ میں بارانی مسجد کے باہر دھماکہ، بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، خاتون سمیت 22 افراد زخمی،متعددکی حالت تشویشناک، دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے 7موٹرسائیکلیں تباہ، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، پولیس و رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا،صدر،وزیراعظم، عمران خان، آصف علی زرداری، سراج الحق کی دھماکے کی مذمت، دھماکے کے بعد شہر کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

جمعہ کو کراچی کے علاقے آرام باغ میں واقع بارانی مسجد کے صدر دروازے پر موٹر سائیکل میں نصب کئے گئے بم دھماکہ کے نتیجے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول ہسپتال اور بارانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ 1بجکر50منٹ پر ہوا، دھماکہ اس وقت ہوا جب نماز جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ دھماکے سے 7موٹرسائیکلیں تباہ ہو گئیں،دھماکہ انتہائی گنجان آباد گلی میں واقع صالح مسجد کے صدر دروازے پر ہوا۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس و رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ زخمیوں کو بھی فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔ جائے وقوعہ پر ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا، دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل کے اندر نصب کیا گیا تھا ، دھماکے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کو طلب کرلیا گیا۔ دھماکے کے بعد شہر بھر کی مساجد، امام بارگاہوں سمیت اہم مقامات کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف، عمران خان، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری، امیر جماعت اسلامی و سینیٹر سراج الحق ،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔وزیراعظم نواز شریف نے زخمیوں کو بہتری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور آئی جی سندھ نے دھماکے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں