بزنس کمیونٹی کا رینجرز کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار

بدھ 18 مارچ 2015 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) بزنس کمیونٹی نے رینجرز کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس کے نیٹ ورک کے ذریعہ رینجرز کے تعاون سے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر پکڑے جا رہے ہیں تاہم جو روپوش ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کی لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رینجرز کی بھرپور کارروائی سے اغوا برائے تاوان کے کیسز نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن اسٹریٹ کرائم پرتاحال قابو پانے کی ضرورت ہے جس کے لیے پولیس اگراپنا مثبت کردار ادا کرے تو اس میں بھی مزید کمی آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ندیم خان نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختیار کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ سے بارہا جام صادق پل کی درستگی اور از سر تعمیر کے مطالبہ کیا مگراس پل کی تعمیر کیلئے بروقت کام شروع نہیں ہوسکا لیکن جب کاٹی کے وفد نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختیار سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ کورنگی کے صنعتکار وں کو مخدوش جام صادق پل گرنے کے خوف سے نجات دلائی جائے اور اس کی تعمیر کے لیے حکومت سندھ پر دباؤ ڈالا جائے تو ان سے ملاقات کے بعد ہی جام صادق پل کی قسمت جاگی اور اس پر کام کا آغاز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں اغوا برائے تاوان کے واقعات کی روک تھام میں سی پی ایل سی کا قابل قدر کردار ہے جسے ہر سطح پر سراہے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی نگاہیں رینجرز پر ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ رینجرز رہے سہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کر کے انہیں گرفتار کرے جبکہ کراچی اور سندھ کے بیشتر شہروں میں قبضہ مافیا کو بھی گرفت میں لانے کی بھی ضرورت ہے اور یہ کام بھی رینجرز کوہی کرنا چاہیے،بزنس کمیونٹی کو رینجرز پر اعتماد ہے کیونکہ وہ کسی بھی رنگ و نسل اور زبان کی تفریق کے بغیر کارروائی عمل میں لاتے ہیں۔

ندیم خان نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ڈی جی میجر جنرل بلال اکبر سے بھی ایک ملاقات میں انہیں بہترین کارکردگی پرمبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی ان کی خدمات کا برملا اعتراف کرتی ہے اور توقع ہے کہ سندھ بھر سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں