آصف زرداری کا الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ، پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں متحدہ کو صوبائی حکومت میں شامل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا، دونوں رہنماوٴں کامستقبل میں باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم مل کر ملک و صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے جدوجہد کرتی رہیں گی، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کی ایم کیوایم کے قائد سے گفتگو

منگل 17 مارچ 2015 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے بات چیت کی ۔ دونوں رہنماوٴں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران آصف علی زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم ، سندھ کے عوام کی منتخب نمائندہ جماعتیں ہیں اور دونوں جماعتیں مل کر ملک و صوبے کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد کرتی رہیں گی ۔انہوں نے الطا ف حسین کو پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیوایم کی حکومت میں شمولیت کے حوالہ سے ہونے والے فیصلوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا جسے الطاف حسین نے خوش آئندہ قراردیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوٴں نے اتفاق کیا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان مفاہمت اوربہتر ورکنگ ریلیشن شپ ملک خصوصاً صوبہ سندھ کیلئے خوش آئند ہے۔الطاف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ،عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی ۔ دونوں رہنماوٴں نے سانحہ یوحنا آباد لاہور پر اپنی تشویش ظاہر کی اور اس المناک سانحہ میں جاں بحق ہونے والے مسیحی پاکستانیوں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی اور مستقبل میں باہمی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں