متحدہ قومی موومنٹ کیخلاف کیس کی پیروی نہ کرنے پر عمران خان پر 50 ہزار جرمانہ

پیر 16 مارچ 2015 20:11

متحدہ قومی موومنٹ کیخلاف کیس کی پیروی نہ کرنے پر عمران خان پر 50 ہزار جرمانہ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کے خلاف ہرجانے کے کیس میں عدم پیشی پر عمران خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ۔ پیر کو مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے مشرف اظہر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

اس سے قبل عدالت نے عمران خان کو ذاتی طور پرپیش ہونے یا اپنے وکیل کے ذریعے جواب داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے عدالت سے حکم واپس لینے کی درخواست کی جس پر عدالت نے ان کی درخواست منظور کرلی۔ جسٹس شفیع صدیقی نے وکالت نامہ منظور کرتے ہوئے عمران خان پر 50 ہزار جرمانہ عائد کردیا ، ساتھ ہی آئندہ سماعت پر انھیں پیش ہونے اور جواب داخل کرنے کا بھی حکم دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2013 میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے خلاف نازیبا الفاط استعمال کرنے پر عمران خان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پانچ ارب ہرجانے کا دعوی دائر کیا گیا تھا۔ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا موقف تھا کہ کراچی کے حلقے این اے 250 میں دوبارہ پولنگ کے دن پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کے بعد عمران خان، جو اُن دنوں الیکشن مہم کے دوران اسٹیج سے گر نے کے باعث زیرعلاج تھے، نے الطاف حسین کے خلاف الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تک نہ تو زہرہ شاہد کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور نہ ہی تفتیش کا آغاز کیا گیا تھا، لیکن عمران خان نے خود ہی فرد جرم عائد کردی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو الطاف حسین کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر معافی مانگنی چاہیے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں