درودوسلام پر کوئی قدغن قبول نہیں ،جو مدارس دہشتگردی میں ملوث نہیں ان کا مکمل تحفظ کریں گے،شبیر ابوطالب،

پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، علماء کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند اور گرفتارعلماء کو فوری رہاکیاجائے، مشاورتی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 14 مارچ 2015 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمدشبیر ابوطالب نے کہاہے کہ درودوسلام پر کوئی قدغن قبول نہیں ،جو مدارس دہشتگردی میں ملوث نہیں ان کا مکمل تحفظ کریں گے،پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، علماء کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند اور گرفتارعلماء کو فوری رہاکیاجائے۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، اجلاس میں اکیسویں ترمیم کی آڑ میں پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں پر تشویش کا اظہار اور درودوسلام پر پابندی کے خاتمے کے لئے متحد ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا۔

شرکاء نے اپنے خطاب میں کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی سب سے پہلے حمایت کی اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیالیکن چند عناصر آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانے کے کئے درودوسلام پڑھنے والوں کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس قسم کی کارروائیاں پرامن سواداعظم اہلسنّت وجماعت میں حکومت اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے خلاف نفرت پیداکرنے کا سبب بن سکتی ہیں،ہم پاکستان میں کسی قسم کی افراتفری اور عدم استحکام نہیں چاہتے کیونکہ یہ ملک ہمارے آباؤاجداد نے بڑی قربانیاں دے کر بنایاہے، جس کی حفاظت ہم پر فرض ہے اور اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرناچاہتے۔

لیکن اہلسنّت وجماعت کو شاید دیوارسے لگانے کی سازش کی جارہی ہے، جس کے لئے مساجد اور مدارس پر چھاپے مارکر علماء اہلسنّت کو تنگ اور ہراساں کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران ملک کے سواداعظم اہلسنّت وجماعت کو اعتماد میں لیں اور دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے کے بجائے محب وطن امن پسند طبقے کے خلاف سازشوں کا تدارک کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں