ممبر قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ کا DCTOاسکول موسیٰ لین لیاری کا دورہ، زیرتعلیم بچوں میں گھل مل گئے،

ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی کامیاب اور ملک وقوم کی خدمت کرنے والے افراد پیداکرتاہے،شاہجہان بلوچ

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) لیاری سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے DCTOاسکول موسیٰ لین لیاری کا دورہ کیااور زیرتعلیم بچوں میں گھل مل گئے، بچوں کے سوالات کے دلچسپ جوابات دیئے اور ان میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر انہوں نے میٹرک اور اپرلیول میں ٹاپ کرنے والے لیاری کے طلباء کے لئے اپنی جانب سے نقدرقم کابھی اعلان کیا۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شاہجہان بلوچ نے کہاکہ تعلیم ہی ایسی دولت ہے جسے جتنازیادہ استعمال کیاجائے اس میں اتناہی اضافہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم سے بہرہ ورقومیں ہمیشہ ترقی کرتی ہیں تاریخ گواہ ہے جن قوموں نے تعلیم سے منہ پھیراوہ تنزلی کا شکارہوکر دنیاسے نیست ونابودہوگئیں۔ تعلیم ہی سے قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے،علم انسان میں شعوراور آگہی پیداکرکے دنیامیں جینے کا سلیقہ سکھاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ ایک تعلیم یافتہ معاشرہ ہی کامیاب اور ملک وقوم کی خدمت کرنے والے افراد پیداکرتاہے۔ اس موقع پر شاہجہان بلوچ نے لیاری کے تمام والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت لیاری پیکیج کے ذریعے لیاری کے درجنوں اسکولوں کی تزئین وآرائش کا کام کروارہی ہے،اور تعلیم کے میدان میں مزید بہتری لانے میں کوشاں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسکولوں کی اصل خوبصورتی طالب علم ہیں سرکاری اسکولوں میں طلباء کی تعدادبڑھانے کے لئے حکومت وسائل بروئے کارلارہی ہے، والدین کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو اسکول بھیج کر ان کا مستقبل روشن بنانے اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں کرداراداکریں۔ انہوں نے کہاکہ آنے والاوقت تعلیم کا ہے جس میں تعلیم سے بے بہرہ لوگوں کی اس میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہ ہی ترقی کی دوڑ میں ان کا کوئی حصہ ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں