شہر قائد میں کریانہ مصنوعات کی قیمت آئندہ 15روز کے لئے برقرار رہیں گی، عملدرآمد 16مارچ سے ہو گا ،

کمشنر آفس میں تیل و گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اجلاس ، وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی عدم شرکت کا سخت نوٹس ، حلال اشیاء کی شکل میں حرام اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات اور حلال اور حرام مصنوعات کی جانچ کے لئے لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 14 مارچ 2015 18:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) شہر قائد میں کریانہ مصنوعات کی قیمت آئندہ 15روز کے لئے برقرار رہیں گی جس پر عملدرآمد 16مارچ سے ہو گا جبکہ کمشنر آفس میں تیل و گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی عدم شرکت کا سخت نوٹس لیا گیا ہے دوسری جانب کمشنر کراچی نے شہر میں حلال اشیاء کی شکل میں حرام اشیاء کی فروخت کو ناقابل برداشت قراردیتے ہوئے اسکی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے اور حلال اور حرام مصنوعات کی جانچ کے لئے لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بازاروں میں فروخت ہونیوالی تیار ملاوٹی غذا چیک کرنے کے لئے سیکریٹری بلدیات سے کہا ہے کہ وہ اپنے ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔

گذشتہ روز کمشنر آفس میں کمشنر کراچی کی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت ملاوٹ اور غیر معیاری مصنوعات کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان اسٹینڈرڈ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر، فوڈز انسپکٹرز کے ایم سی ، بیورو آف سپلائی حکومت سندھ، کنزیومر رائٹس کونسل کے رکن عباس بادامی، کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل بیگ سمیت کراچی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ( فوکل پرسنز ) نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ شہر میں حلال اشیاء کی شکل میں حرام اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں اسکی روک تھام کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اورحلال و حرام مصنوعات کی جانچ کے لئے لیبارٹری بھی قائم کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں جہاں حفظان صحت کے عین اصولوں کے مطابق کھانے کی غذا تیار کی جاری ہے تو دوسری جانب غذائی اشیاء میں غیر معیاری مصنوعات کی ملاوٹ کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہے، فی الوقت کے ایم سی کے فوڈز ڈیپارٹمنٹ کے پاس پکے ہوئے کھانے کے معیار کو جانچنے کی سہولت موجود نہیں اس لئے سیکریٹری بلدیات سے کہا گیا ہے کہ وہ بازار میں فروخت ہونیوالی غذا کو چیک کرنے کے لئے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے کمشنر کراچی نے گراں فروشی اور غیر معیاری مصنوعات کے خلاف بنائی گئی ٹاسک فورس کی جانب سے کئے گئے حالیہ قدامات کو سراہا اور اس ضمن میں کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں ایڈیشنل کمشنر IIکراچی حاجی احمد کی سربراہی میں دو اجلاس منعقد ہوئے پہلے اجلاس میں کریانہ مصنوعات کی قیمت کو کسی ردو بدل کے بغیر 16مارچ سے 31مارچ تک برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں بناسپتی گھی اور تیل کی فی کلو قیمت میں 15روپے کی کمی پر کراچی میں بھی اسی طرز پر شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے کمشنر آفس میں اہم اجلاس ہو ا۔اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کے باوجود پاکستان وناسپتی مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا جس پر کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل سمیت سیگر صارفین انجمنوں نے وناسپتی مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں کے غیر سنجیدہ طرز عمل پر سخت افسوس کا اظہار کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں