گلی اور محلے کی سطح پر مسائل حل کرنے کے لیے بلدیاتی الیکشن ناگزیر ہے ، ڈاکٹر عارف علوی،

تحریک انصاف کے رہنما اور پارٹی کارکنان کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی الیکشن کے لیے بھر پور تیاریاں کریں ، بلدیاتی الیکشن ہی جمہوریت کی پہلی سیڑھی ہے، وفود سے ملاقات

جمعرات 12 مارچ 2015 22:31

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلی اور محلے کی سطح پر مسائل حل کرنے کے لیے بلدیاتی الیکشن ناگزیر ہے ، تحریک انصاف کے رہنما اور پارٹی کارکنان کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی الیکشن کے لیے بھر پور تیاریاں کریں ، بلدیاتی الیکشن ہی جمہوریت کی پہلی سیڑھی ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں حلقہ این اے 250کے مختلف علاقوں کے وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کی ترقی و خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کے فروغ کے لیے 98فیصد عوام کے حقیقی نمائندوں کو ایوانوں میں پہنچانے کے لیے عملی جدوجہد کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صاف و شفاف انتخابات سے ہی حقیقی نمائندے منتخب ہوسکتے ہیں ، اسی لیے تحریک انصاف الیکشن میں ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے ،اگر حکمرانوں نے جوڈیشنل کمیشن کے قیام میں غفلت اور ٹال مٹول کا مظاہرہ کیا تو تحریک انصاف ایکبار پھر عوام کے ووٹ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر ہوگی اور حالات کے خرابی کی تمام تر ذمہ داریاں وفاقی حکومت پر عائد ہوگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک عوام کے ووٹ کو تحفظ نہیں ملتا تب تک پاکستان میں حقیقی جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی اور حقیقی جمہوریت اور عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستانی قوم کے لیے امید کی کرن بن چکے ہیں اور انشاء اللہ جب تک پاکستان میں صاف و شفاف انتخابات کے لیے بائیو میٹرک سسٹم جیسا نظام رائج نہیں ہوجاتا اُس وقت تک تحریک انصاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی
؎

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں