کراچی ،صارفین کے عالمی دن کے موقع پر کنزیومر ایسوسی ایشن کے تحت واک 15مارچ کو ہوگی

جمعرات 12 مارچ 2015 18:54

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) صارفین کے عالمی دن پوری دنیا میں 15مارچ کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد صارفین میں اُن کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ صارفین کی عالمی تنظیم کنزیومرانٹرنیشنل نے اس سال ”صحت مند غذا صارفین کا حق“ کے موضوع پر صارفین کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں 15مارچ بروز اتوار صبح ساڑھے 10بجے آرٹس کونسل کراچی سے پریس کلب تک صارفین کی ملک گیر تنظیم کنزیومرایسوسی ایشن کے زیر اہتمام واک منعقد کی جارہی ہے۔

جس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی،ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ڈاکٹر سعید میمن ، کوکب اقبال چیئرمین کنزیومرایسوسی ایشن آف پاکستان، ڈائریکٹر فوڈ کے ایم سی مختار حسین ودیگر سماجی تنظیمیں شرکت کریں گی یہ بات کیپ کے چیئرمین کوکب اقبال نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس واک کا عنوان”ملاوٹ کے خلاف واک“ ہے اس کامقصد صارفین کو ملاوٹ کے بارے میں شعور اورآگہی دینا اور ملاوٹ کی اشیا بنانے والوں کو وارننگ دینا مقصود ہے۔

کیوں کہ ملاوٹ شدہ اشیا فروخت کرنے والے صارفین کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔ کوکب اقبال نے کہا اس واک کو منعقد کرنے کے لیے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں کئی اجلاس ہوچکے ہیں۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ صارفین زیادہ سے زیادہ اس واک میں شریک ہوں اور صارفین کے عالمی دن کے موقع پر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ ملاوٹ کرنے والوں کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ اب ملاوٹ کرنے والوں کا نہ صرف محاسبہ ہوگا بلکہ اُن کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت ترین سزا بھی دی جائے گی۔

کوکب اقبال نے مزید بتایا کہ ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ کچھ ممالک میں ملاوٹ کرنے والوں کو پھانسی کی سزا دی جاتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ایوانِ بالا سے ملاوٹ کرنے والوں کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پھانسی کی سزا کا قانون پاس کرائیں تاکہ کسی کو کسی بھی اشیا میں ملاوٹ کرنے کی جراَت نہ ہوسکے۔کوکب اقبال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس اہم نوعیت کی واک میں شریک ہوں اور اپنے صارف ہونے کا حق ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں