کراچی ،رینجرز نے نائن زیرو مرکز پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے رابطہ کمیٹی کے رکن عامرخان سمیت 27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا

عدالت نے تمام ملزمان کو 90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا

جمعرات 12 مارچ 2015 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار ہونے والے رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان اور متحدہ کے سابق وزیر منیر شیخ سمیت 27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا ،عدالت نے 90 روز کا ریماند دیتے ہوئے تمام ملزمان کو رینجرز کی تحویل میں دے دیئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے 60 ملزمان میں سے27 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا ،اس موقع پر عدالت کے باہر بھاری مقدار میں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ،27 ملزموں کی آنکھوں پر کالی پٹیاں باندھ کر انتہائی سخت سکیورٹی کے پہرے میں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت کے احاطہ میں ملزمان کی آنکھوں سے پٹیاں اتاری گئیں۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام نے عدالت کو بتایا کہ نائن زیرو پر چھاپے کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار ہوئے ہیں اور کچھ ملزمان قتل کی وارداتوں میں ملوث ہیں جنہیں پہلے عدالت سے سزا ہو چکی ہے ،رینجرز نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان نے اہم انکشافات کئے ہیں اور مزید پوچھ گچھ کیلئے ملزمان کو رینجرز کی تحویل میں دیا جائے ۔عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو90 روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ہے

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں