23مارچ 1940 کی قرارداد پاکستان کے نکات اور مندرجات کو فراموش کرنے سے آج ملک بحرانوں کا شکار ہے، طارق محبوب،

قرارداد پاکستان پر من و عن عمل کر کے مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب قومی امنگوں کا ترجمان ہے

بدھ 11 مارچ 2015 23:14

کراچی (ردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) سنی اتحادکونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سربراہ طارق محبوب نے کہا ہے کہ 23مارچ 1940 کی قرارداد پاکستان کے نکات اور مندرجات کو فراموش کرنے سے آج ملک بحرانوں کا شکار ہے۔ قرارداد پاکستان پر من و عن عمل کر کے مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب قومی امنگوں کا ترجمان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان قومی و ملی جذبے سے منانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے مرکز بیت المصطفےٰ میں سنی اتحاد کونسل اور اے این آئی پاکستان کراچی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پیر مختار صدیقی، علامہ فیصل عزیزی، مولانا سید بلال شاہ، اے این آئی پاکستان سندھ کے رہنما سید مبشر علی قادری، کراچی کے صدر نعیم صدیقی، جنرل سیکریٹری صمید عالم اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 23 مارچ کو یوم تحفظ قرارداد پاکستان کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو اسلامک مشن ہال گلشن اقبال میں ہوگی جس میں قومی سیاسی و مذہبی رہنما دانشور اور دیگر خطاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح،مفکر پاکستان علامہ اقبال  ، قائد ملت خان لیاقت علی خان کے افکار و نظریات اور 23 مارچ 1940 کی قرار داد پاکستان کے نقاط و مندرجات کو فراموش کرکے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو کرپشن، سیاسی و معاشی بدعنوانیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال، بدامنی، لاقانونیت، دہشت گردی، انتہا پسندی، بدحالی، مفاد پرستی، بحرانوں اور مشکلات در مشکلات میں دھکیلا ۔

حکمراں طبقہ عوامی حقوق غصب کر کے ذاتی و سیاسی مفادات کے حصول میں سرگرداں ہے۔ عام انتخابات سے لیکر سینیٹ کے الیکشن تک جمہوری قدروں ، آئین کے اصولوں اور قانون کو نظر انداز کرنے کے عمل نے عوام کا اعتماد مجروع کیا ۔ حکومت نے اپنے مفاد کی خاطر سینیٹ کے الیکشن میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کی جبکہ عوامی مفادات سے منسلک بلدیاتی الیکشن کرانے کے بہانے تلاش کئے جاتے ہیں اور بلدیاتی انتخابات 7 سال سے زیر التوا ہیں۔

حکومت سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بلدیاتی الیکشن کرانے میں سنجیدہ نہیں۔ جس سے حکومت کی نیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ صرف اپنے مفادات کے لیے ہی جمہوریت کا لفظ استعمال کرتی ہے۔ طارق محبوب کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے قائدین و اکابرین اور علماء و مشائخ اہلسنت نے 20 لاکھ شہدائے تحریک پاکستان کی عظیم قربانیوں کے بعد یہ مملکت خدادا پاکستان حاصل کی مگر حکمرانوں نے اسے اپنی ذاتی و سیاسی مفادات کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا۔

پاکستان کے بعد آزادی حاصل کرنے والے ملک آج ترقی، امن، روزگار اور ہر طرح کے عروج پر ہیں مگر پاکستان کو آج بھی پانی، بجلی، گیس، پیٹرول، سی این جی ، دہشت گردی، انتہا پسندی، معاشی بدحالی، بدامنی، لاقانونیت، بے روزگاری، لوٹ مار، ٹارگیٹ کلنگ، بھتہ خوری سمیت سیاست کے نام پر لوٹ کھسوٹ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ حکمراں خود سیاسی جمہوری کرپشن میں شامل ہیں۔

سینیت کے الیکشن میں پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے ساتھ حکمراں روز دعوتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف حکومت نے صرف سرسری بیان بازی کر کے عوام کو کھلا دھوکہ دیا۔ طارق محبوب کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے بغیر عوام کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ آئین و قانون پر اس کی روح کے مطابق من و عن عمل نہ کرنے سے جمہوری تقاضوں کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا۔ مادر وطن میں نظام مصطفےٰ نافذ کردیا جاتا تو آج ملک کو اتنے سنگین بحرانوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ طارق محبوب نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کے تحفظ ، بقاء، استحکام، امن و انصاف، کیلئے قربانیاں دے رہی ہے۔ دہشت گردی ، انتہا پسندی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں اور خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔

دہشت گرد عناصر اسلام کا نام لیکر دین و ملت کو بدنام کر رہے ہیں۔ اسکولز، درسگاہوں، مساجد ، مدارس، مزارات، امام بارگاہوں، خانقاہوں اور بزرگان دین کے مراکز کا نشانہ بنانے والوں نے معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور بے گناہ لوگوں کو شہید کر کے ظلم و بربریت سفاکی اور زندگی کی تمام حدیں پار کیں دہشتگردوں اور ان کے حامیوں اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن پوری قوم کا مطالبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کے وارث اور امین محب وطن عوام اور نوجوانان اسلام، ملک کے دفاع، بقا، امن و استحکام کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر تحریک آزادی، تحریک پاکستان کے شہداء اورآپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے فوجی افسران و جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ملک کی سلامتی و امن کیلئے بھی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں