متحدہ کے مرکز نائن زیرو اور اطراف میں رینجرز کا سرچ آپریشن ، ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ افراد سمیت 20 گرفتار

بدھ 11 مارچ 2015 11:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء ) متحدہ قومی مومنٹ کے مرکز نائن زیرو اور اطراف میں رینجرز نے سرچ آپریشن کر کے ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ افراد سمیت 20 افراد کو گرفتار جب کہ بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا، کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں غیر ملکی اور نیٹو کنٹینرز سے چوری شدہ اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ترجمان سندھ رینجرز کرنل طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد نائن زیرو اور اطراف کے علاقوں میں چھاپہ مارا گیا۔

کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں غیر ملکی اور نیٹو کنٹینرز سے چوری شدہ اسلحہ بھی برآمد ہوا، اس قسم کا اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کا پاکستان میں لانا ہی ممنوع ہے۔ کرنل طاہرنے کہا کہ نائن زیرو پر آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ افراد سمیت 20 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران کسی بھی ایم این اے یا ایم پی اے کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم ایم کیو ایم رہنما عامر خان کو اپنے پاس صرف پوچھ گچھ کے لئے رکھا ہے جنہیں تحقیقات کے بعد چھوڑ دیا جائے گا۔کرنل طاہرنے کہاکہ شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، ٹرانسپورٹرز اور تاجر حضرات اپنا کاروبار کھلا رکھیں اور کسی بھی قسم کا نقص امن کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں