کراچی، رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں عابد چھوٹا سمیت 6ملزمان مارے گئے

منگل 10 مارچ 2015 11:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء ) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس سے مقابلے میں عابد چھوٹا سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ قائدآباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں قتل اور بھتہ خوری کی وارادتوں میں ملوث 2 ملزمان مارے گئے۔ سرجانی ٹاون میں رینجرز اور پولیس نے دہشت گردوں کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی۔اس دوران ملزمان نے پولیس اور رینجرز پر فائرنگ کردی ،جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار ملزمان ہلاک ہوگئے ،جن کی شناخت کالعدم تحریک طالبان سجنا گروپ کراچی کا امیر طارق خان عرف چھوٹا عابد، نائب امیر رحمان الدین عرف لالہ، امجد خان اور سردار رب خان مارے گئے جبکہ مقابلے میں رینجرز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، دو دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

مارا گیا چھوٹا عابد شہر میں دہشت گردی کے منصوبوں میں شامل تھا اور ہلاک ہونے والے ساتھیوں کے ہمراہ شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔قائدآباد کے علاقے اولڈ مظفر آباد کالونی میں پولیس نے ڈینجر گروپ کے اڈے پر چھاپہ مارا۔اس دوران ملزمان نے پولیس پر حملہ کیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ہلاک ملزمان میں ڈینجر گروپ کا سرغنہ شیر اعظم بھی شامل ہے۔ ہلاک ملزمان قتل،بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں