کراچی،سندھ ریونیو کا فروری 2015کیلئے مختص ہد ف سے زیادہ ٹیکس وصول کر لیا

ہفتہ 7 مارچ 2015 14:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07مارچ۔2015ء) سندھ ریونیو بورڈ نے ایک مرتبہ پھرماہ فروری 2015کیلئے مختص ہدف4.083 ارب روپے سے زیادہ 4.463 ارب روپے کا ٹیکس وصول کرکے ماہوارزیادہ سے زیادہ ٹیکس وصول کرنے کاایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے،یے حاصل کردہ ہدف گذشتہ سال اسی عرصے کے دوران حاصل کئے گئے ہدف سے بھی0.744ارب روپے یا20فیصد زائد ہے،جوکہ ایک قابل تحسین کارنامہ ہے۔

حاصل کردہ ٹیکس کی اعداد و شمار کے مطابق اس مالی سال 2014-15میں فروری ماہ تک 8ماہ کے دوران سندھ روینیو بورڈ نے 29.9بلین روپے وصول کرنے کا ہدف حاصل کیا ہے، جوکہ پچھلے سال اسی وقت کے دوران وصول کئے گئے 24.6ارب روپے میں سے 5.273بلین روپے یا 21.42فیصد زیادہ ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ روینیو بورڈ کی اس وصولی کو ایک کارنامے کا درجہ دیتے ہوئے سندھ ریونیو بورڈ کی انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی کی تعریف کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ ان کے ادارے اور انکی استعداد کار میں اضافے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سندھ ریونیو بورڈ نے اس مالی سال کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان کردہ سروسزپر سیلز ٹیکس میں ایک فیصد کمی کے باوجودیہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔سندھ ریونیو بورڈ نے اپنے قیام کے پہلے ہی سال میں صوبے کی بڑے میں بڑی ٹیکس وصول کرنے والے ادارے والی حیثیت کو منوالیا تھا اور ہر سال اپنے مقررہ ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول کرتا رہا ہے۔

سندھ ریونیوبورڈ کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے حکومت سندھ نے اس ادارے کو 2017تک سالانہ ٹیکس وصول کرنے کا ہدف100بلین یا ایک کھرب وصول کرنے کا ہدف دیا ہے ۔ سندھ ریونیو بورڈ کے ٹیکس وصولی کے ریکارڈ کے مطابق ادارے کے پہلے سال 2010-11میں 18.28ارب روپیا،سال 2011-12میں 25.01ارب روپے،سال 2013-12میں33.65ارب روپے اور سال 2013-14میں 42.48بلین روپے وصول کئے۔ادارے کی اس کارکردگی کے پیش نظر یہ ادارہ2017تک 100ارب روپے کی وصولی حاصل کرنے کی قوت رکھتا ہے۔

جس کیلئے سندھ روینیو بورڈ ہر سال اپنی کوششوں اور کاوشوں کو بروکار لاکر ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولی کر رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹیکس ادا کرنے والے اداروں اور لوگوں کو تمام بہترین سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ تاشفین احمد نے کہا کہ یہ ہدف سے زیادہ ٹیکس وصولی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ہروقت اور ہرممکن مدد،ٹیکس دینے والے اداروں کااعتماد کے بغیرممکن نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ان کامیابیوں کا سہرا ٹیکس وصول کرنے والے عملے کی انتھک محنت ، کاوشوں اور مؤثر مانیٹرنگ کرنے پر بھی جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں