چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے تمام جماعتوں سے بات چیت کریں گے ،شرجیل انعام میمن ،پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے تاحال چیئرمین کیلئے امیدوار کے نام کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ،ایم کیو ایم ،پیپلز پارٹی کے مابین سازگار ماحول میں بات چیت کا عمل جاری ہے ،سندھ حکومت میں ثمولیت بارے رحمن ملک کو ٹاسک دیا گیا ہے ،میڈیا سے بات چیت

جمعہ 6 مارچ 2015 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔6 مارچ۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کے لئے پیپلز پارٹی سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے اور ان سے ووٹ کے لئے بات چیت کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے تاحال سینیٹ کے چیئرمین کے لئے امیدوار کے نام کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین سازگار ماحول میں بات چیت کا عمل جاری ہے اور ان کی سندھ حکومت میں ثمولیت کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے عبدالرحمان ملک کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ عبدالقادر پٹیل کو کسی بھی ملک میں سیاسی پناہ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے وہ پارٹی کے معتبر اور ہردل عزیز کارکن ہیں اور ان پر کوئی مقدمہ یہاں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے عوام کے لئے شروع کی گئی شکایتی سیل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں سینیٹ کے انتخابات میں کسی قسم کی کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی ہے اور اسی طرح دیگر صوبوں میں بھی کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی واضح اکثریت ہے اور اسی بل بوتے پر پیپلز پارٹی کو 7 اور ایم کیو ایم کو 4 نشستیں ملی جبکہ مسلم لیگ (فنکشنل) کو 10 ایم پی ایز کے باوجود 13 ووٹ ملے، جو یقیناً مسلم لیگ (ن) کے ممبران نے دئیے ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کو زائد 7 ووٹ میں سے دو ووٹ این پی پی کے جبکہ دیگر ان سیاسی جماعتوں کے ایم پی ایز دئیے ہیں، جن کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں تھا۔

چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے سوال پر شرجیل میمن نے کہا کہ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی پوری کوشش کرے گی کہ چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی کا ہو اور اس کے لئے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی اور ان سے ووٹ مانگا جائے گا۔ تاہم ابھی تک پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے نام کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ثمولیت کے سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم سے ہماری بات چیت کا سلسلہ سازگار ماحول میں جاری ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے رحمان ملک کو اس کا ٹاسک دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر کی دیگر ملک میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کی خبروں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کوئی بات نہیں ہے۔ قادر پٹیل پارٹی کے معتبر رکن ہیں اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی مقدمات ہیں اس لئے ان کا کسی دوسرے ملک میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں