بلوچ قوم کی تاریخ نہایت شاندار اور تابناک روایتوں کی حامل ہے اس بارے میں نئی نسل کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے،پروفیسر اختر بلوچ

جمعرات 5 مارچ 2015 23:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5 مارچ۔2015ء) بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچ قوم کی تاریخ نہایت شاندار اور تابناک روایتوں کی حامل ہے اور اس بارے میں نئی نسل کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچ کلچرل ڈے کے سلسلہ میں یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع جنوبی کے میونسپل کمشنر محمد رئیسی اور لیاری سے تعلق رکھنے والی دیگر نمایاں شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ ایک بہادر ‘ غیور اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے والی قوم ہے جو کہ انسانی اخوت ‘ رواداری اور انصاف پر بھرپور یقین رکھتی ہے اس کے مشاہیر اور اکابرین نے ہمیشہ انسانی مساوات اور باہمی رواداری کا نہ صرف درس کیا بلکہ اس پر خود بھی عمل کرکے دکھایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچرل ڈے منانے کا بنیادی مقصد بلوچ قوم کی نئی نسل کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے عوام کو بلوچوں کی شاندار روایات اور اقدار سے روشناس کرانا ہے ۔انہوں نے کلچرل ڈے میں بھرپور طریقہ سے شرکت کرنے پر یونیورسٹی کے طالب علموں کو سراہا ۔ انہوں نے اس موقع پر پیش کئے گئے ٹیبلوز اور خاکوں کی تعریف بھی کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر محمد رئیسی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے اسلاف کی تاریخ اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرتی ہیں۔

تقریب میں روایتی بلوچی رقص ‘ شاعری ‘ گانے پیش کئے گئے جبکہ بلوچی ثقافت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی بھی ڈالی گئی ۔ اس موقع پر حبیب حسن ‘ رمضان بامری ‘ ناصر کریم اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں