کراچی کے علاقے شیرشاہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر فیاض ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے،

ڈاکٹر فیاض اور ان کے ڈرائیور کا قتل فرقہ وارانہ قتل وغارت کا شاخسانہ ہے، پولیس ، حکومت اہلسنت والجماعت کے کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا پرامن اہلسنت عوام کو گرفتار کررہی ہے، مولانا اورنگزیب فاروقی

بدھ 4 مارچ 2015 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے شیرشاہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر فیاض ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔ اہلسنت والجماعت ترجمان کے مطابق بدھ کی شب ڈاکٹر فیاض اپنی گاڑی AKQ-744 پر سوار شیرشاہ کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر محمد فیاض اور ان کے ڈرائیور محمد عارف جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ڈاکٹر فیاض اور ان کے ڈرائیور کا قتل فرقہ وارانہ قتل وغارت کا شاخسانہ ہے۔ اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر مولانا اورنگزیب فاروقی نے ڈاکٹر فیاض اور ان کے ڈرائیور کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اہلسنت والجماعت کے کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے بجائے الٹا پرامن اہلسنت عوام کو گرفتار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیاض کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ قبل ازیں کورنگی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے رکن اور اہل تشیع مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علی حسنین بخاری بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں