کراچی ،امتیاز احمد شیخ نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پیر پگارا کی ملاقات کیلئے رحمان ملک کی رہائش گاہ جانے کی خبروں کو غلط قرار دیدیا

بدھ 4 مارچ 2015 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء) مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ نے واضح طور پر ان خبروں کو غلط قرار دیا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے پیر پگارا ملاقات کیلئے رحمان ملک کی رہائش گاہ پر گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پیرپگارا کا آصف علی زرداری سے بھی کوئی ٹیلیفونک رابطہ نہیں ہوا ہے ۔ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے غلط خبریں چلانے والوں کے خلاف پارٹی قانون چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے کل 24 ارکان ہیں ۔ پی ٹی آئی ابھی تک اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ وہ سندھ سے سینیٹ کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی ۔ ممکن ہے کہ وہ اپنے موقف میں تبدیلی لے آئیں کیونکہ سیاست میں کوئی بھی چیز حتمی نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 4 ووٹوں کو نکال کر اپوزیشن کے 21 ووٹ بچتے ہیں اور سندھ سے کسی بھی جنرل نشست پر سینیٹ کے امیدوار کی کامیابی کے لیے 20.88 ووٹ درکار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مطلوبہ تعداد موجود ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف پہلے ہی فنکشنل مسلم لیگ کے امیدوار امام الدین شوقین کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے اگر ہارس ٹریڈنگ کی اور اپوزیشن کا کوئی ایک امیدوار بھی کم ہوا تو اس کا الزام سندھ حکومت پر آئے گا ۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ سندھ میں سینیٹ کے انتخابات جمہوری انداز میں ہونے دے ۔

ہم کوئی بحران پیدا نہیں کرنا چاہتے ۔ ایک سوا کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیرپگارا کے پیروکار سیاسی طور پر سینیٹ کے انتخابات میں سیاسی طور پر نہیں ٹوٹیں گے ۔ حالانکہ کچھ لوگوں کو لالچ اور دھمکیاں بھی دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عددی اعتبار سے سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی چار عام نشستیں بنتی ہیں لیکن یہ حیران کن بات ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنا پانچواں امیدوار بھی کھڑا کر دیا ہے ، جس سے دھاندلی کے خدشات کو تقویت ملتی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں