کراچی ، کورنگی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کی لیگل کمیٹی کا رکن قتل

بدھ 4 مارچ 2015 13:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایم کیو ایم کی لیگل کمیٹی کے رکن سید علی حسنین بخاری ایڈووکیٹ کو قتل کردیا‘ وکلاء نے قتل کیخلاف ہڑتال کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ایم کیو ایم کی لیگل کمیٹی کے رکن سید علی حسنین ایڈووکیٹ اپنے گھر سے ہائیکورٹ روانہ ہورہے تھے کہ اچانک نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ان کی لاش جناح ہسپتال منتقل کردی گئی۔ مقتول کا تعلق ایم کیو ایم کی لیگل کمیٹی سے تھا اور وہ 12 لاپتہ افراد کے کیس کی پیروی بھی کررہے تھے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سکیورٹی سخت کردی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے مقتول سید علی حسنین پر نائن ایم ایم سے فائرنگ کی۔

جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد جناح ہسپتال منتقل کردی گئی۔ اس کے علاوہ سولجر بازار کے علاقے سے بھی ایک لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی اسے بھی نامعلوم افراد نے گولی مارر کر قتل کیا ہے۔ اس کی لاش بھی جناح ہسپتال منتقل کرتے ہوئے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں