ای او بی آئی کے پنشنروں کی پنشن میں اضافے پر عمل در آمد کیا جائے ،حافظ نعیم الرحمن

منگل 3 مارچ 2015 23:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ای او بی آئی کے پنشنروں کی پنشن میں گذشتہ دو سال کے دوران ہونے والے اضافے کے تاحال نہ ملنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کی کم از کم 6ہزار روپے پنشن کے اعلان پر عمل در آمد کیا جائے اور پنشنروں کو 6ہزار روپے ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 2013کے بجٹ میں حکومت نے 3600روپے سے بڑھا کر 5000روپے اور 2014کے بجٹ میں اس پنشن کو 6000ہزار روپے کردیا گیا تھا مگر افسوس کہ EOBIکی جانب سے پنشنروں کو ابھی تک یہ اضافی رقم ادا نہیں کی گئی ہے اور ان کو تا حال 3600روپے ہی مل رہے ہیں جو غریب ملازمین کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان بزرگ اور پریشان حال افراد میں ایک بڑی تعداد خواتین کی بھی شامل ہیں ، تمام افراد اور خاندان شدید مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال EOBIکی گورننگ باڈی میں بھی کم از کم پنشن 6000روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی تھی مگر اس پر عمل در آمد نہ ہو سکا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ اس صورت حال کا نوٹس لے اور EOBIکے پنشنروں کے ساتھ ہونے والی اس نا انصافی کو ختم کرائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں