کراچی ، حیدر آباد اور سکھر میں عمر رسیدہ افراد کے لیے ” آرام گھر “ تعمیر کیے جائیں گے،ڈاکٹرسکندر میندھرو ،

محکمہ سماجی بہبود نے سندھ میں 12 چائلڈ پروٹیکش یونٹس قائم کیے ہیں جہاں 3182 بچوں کی نگہداشت کی جاتی ہے،صوبائی وزیر

منگل 3 مارچ 2015 22:18

کراچی ، حیدر آباد اور سکھر میں عمر رسیدہ افراد کے لیے ” آرام گھر “ تعمیر کیے جائیں گے،ڈاکٹرسکندر میندھرو ،

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03مارچ۔2015ء) سندھ کے تین شہروں کراچی ، حیدر آباد اور سکھر میں عمر رسیدہ افراد ( سینئر سٹیزنز ) کے لیے ” آرام گھر “ تعمیر کیے جائیں گے ۔ اس ضمن میں رواں مالی سال کے بجٹ میں 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بتائی گئی ۔ محکمہ سماجی بہبود سے متعلق وقفہ سوالات میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹرسکندر میندھرو نے وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دیئے ۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود نے سندھ میں 12 چائلڈ پروٹیکش یونٹس قائم کیے ہیں ۔ یہ یونٹس کراچی ، بدین ، حیدر آباد ، جیکب آباد ، کشمور ، میرپورخاص ، سانگھڑ ، شکارپور ، گھوٹکی ، ٹنڈو محمد خان ، سکھر اور خیرپور میں قائم ہیں ، جہاں 3182 بچوں کی نگہداشت کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 2011ء میں شری / دیہی یتیم بچیوں اور معذور خواتین کی مالی امداد کے لیے ایک پروگرام کی منظوری دی گئی تھی ۔

اس پروگرام کے لیے 8 کروڑ 36 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے اور اس رقم میں سے 2013-14 میں 5 کروڑ 81 لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے ۔ خواتین اور بچیوں میں 10 ہزار سلائی مشینیں تقسیم کی جانی تھیں ۔ ان میں سے 7460 سلائی مشینیں تقسیم کر دی گئی ہیں جبکہ باقی 2540 سلائی مشینوں کی تقسیم کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک کروڑ 76 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں سینئر سٹیزنز ( عمر رسیدہ افراد ) کے لیے ” آرام گھر “ کی تعمیر کی اسکیم شامل کی گئی ہیں ۔ یہ آرام گھر کراچی ، حیدر آباد اور سکھر میں تعمیر کیے جائیں گے ۔ اس مد میں 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں