بیٹیوں کی پیدائش پر رنجیدہ ہونے والے نادان ہیں ،حاجی محمد امین عطاری

پیر 2 مارچ 2015 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ونگران باب المدینہ مشاورت حاجی محمد امین عطار ی نے کہا ہے کہ اولاد ماں باپ کے جگر کا ٹکڑا ور آنکھوں کا نور ہوتی ہے ۔زمانہ جاہلیت میں کفار اپنی ہی اولاد کو قتل کردیتے تھے ۔بیٹیوں کو زندہ درگور کردینا ان کیلئے کوئی معیوب عمل نہ تھا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں بیان کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ افسوس آج بھی علم دین سے دور ی کے باعث بہت سے نادان لوگ بیٹیوں کی پیدائش پر رنجیدہ ہوجاتے ہیں اور بعض تو اپنی بیوی کو محض بیٹی کی پیدائش پر طلاق دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔یادرکھیں کہ اللہ عزوجل تمام کائنات کا خالق ومالک ہے اس کے اختیار میں ہے جسے چاہے بیٹی دے اور جسے چاہے بیٹے سے نوازدے ۔

(جاری ہے)

بہت سے لوگوں کو اولاد کی نعمت نہیں دیجاتی اس میں اللہ عزوجل کی حکمت ہے ۔

اللہ عزوجل ماں کے مقابلے میں ستر درجے زیادہ محبت کرتا ہے ۔اپنے بندوں کو وہی نعمتیں دیتا ہے جو ان کے حق میں بہتر ہوتی ہیں ۔بیٹا ملے یا بیٹی یا بے اولاد رہیں ہر حال اور ہر صورت میں اللہ عزوجل کا شکر ادا کرتے رہیں ۔آزمائشوں پر صبر سے کام لیں زبان پر شکوہ وشکایت عظیم ثواب سے محروم کرواسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں اللہ عزوجل کی رحمت ہیں الحمدللہ عزوجل اسلام نے انہیں عظمت بخشی ہے ۔

اسلام ہی وہ واحد دین کامل ہے جس نے عورت کو حقیقی معنوں میں تحفظ فراہم کیا ہے۔رکن شوریٰ نے کہا کہ بیٹی کی پیدائش پر فرشتے اہلخانہ کو سلام کرتے ہیں ۔جب خاتون جنت بی بی فاطمة الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تشریف لاتی تومدینہ کے تاجدار ﷺ قیام فرماتے ۔ شفقت کے ساتھ ہاتھوں کو بوسہ دیتے اور اپنی نشست پر بٹھاتے ۔مسلمانوں کو چاہئے کہ جب بھی کوئی عمدہ شے گھر والوں کیلئے لائیں تو بیٹیوں کو دینے میں پہل کریں ۔

اہلخانہ پر خرچ کرنے والے کو اللہ عزوجل کی راہ میں صدقہ کرنے والوں کی طرح ثواب ملتا ہے ۔بیٹیوں کو ہرگز برا نہ سمجھیں یہ تو محبت کرنے والیاں ہوتی ہیں ۔جو بیٹیوں کی پیدائش پر خوش ہو،اسے ایذانہ دے وہ اللہ عزوجل کے حکم سے جنت میں داخل ہوگا اور یہ بیٹیاں اسے جہنم میں جانے سے روک دیں گی ۔ بیٹیوں کی پرورش کی ذمہ داری نبھانے والے کی اللہ عزوجل مدد فرماتا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں