وفاقی وزارت پانی وبجلی سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ری شیڈول کرے،سندھ اسمبلی میں قرارداد منظور

پیر 2 مارچ 2015 17:29

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں پیر کو ایک قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی وزارت پانی وبجلی سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ری شیڈول کرے اور سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جا ئے تاکہ صوبے کی معیشت اور لوگوں کی زندگی کو بچایا جا سکے ۔ یہ قرار داد پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن ڈاکٹر سہراب خان سرکی نے پیش کی تھی ۔

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان کی طرف سے بھی یہ قرار داد پڑھ کرسنائی گئی ۔

(جاری ہے)

اس قرار داد میں کہا گیا کہ ” یہ اسمبلی سفارش کرتی ہے کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور اس سے کہے کہ پورے سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ری شیڈول کیا جائے ۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزارت پانی و بجلی نے دیہی سندھ میں 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا ہے ۔

یہ سندھ کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے اور ان کی بقاء کا مسئلہ ہے کیونکہ لوڈشیڈنگ سے زراعت کے ساتھ ساتھ صنعت کے تمام نظام اور جملہ کاروبار تباہ ہو رہے ہیں ۔ لہذا سندھ کو اس کی ضرورت کے مطابق بجلی فراہم کی جائے تاکہ صوبے کی معیشت اور لوگوں کی زندگی کو بچایا جا سکے ۔ “ قرار دادکی منظوری کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس منگل کی صبح تک ملتوی کر دیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں