ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والے بیرسٹر سیف ،نگہت مرزا کو مبارکباد،

متحدہ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے لیکن مایوس نہیں ہوئے۔ خیبرپختونخوا سے بیرسٹر سیف کا سینیٹر بننا ثابت کرتا ہے پختونوں سے نفرت نہیں کرتے، الطاف حسین

ہفتہ 28 فروری 2015 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم ) کے قائد الطاف حسین نے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والے بیرسٹر سیف ،نگہت مرزا کو مبارکباد دیے ہوئے کہا ہے متحدہ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے لیکن مایوس نہیں ہوئے۔ خیبرپختونخوا سے بیرسٹر سیف کا سینیٹر بننا ثابت کرتا ہے پختونوں سے نفرت نہیں کرتے۔

ملک میں ایم کیوایم ہی اسٹیٹس کو کی مخالف ہے اور اس کی برابری دنیا کی کوئی جماعت نہیں کرسکتی۔وہ ہفتہ کوایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پرلیبرڈویژن کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کررہے تھے۔ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے بیرسٹر سیف اور نگہت مرزا کو بلا مقابلہ سنییٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پٹھانوں، سندھیوں اور بلوچوں کا دشمن قرار دیا گیا لیکن آج ایک پختون بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوا جب کہ ایک گھریلو خاتون کو سینیٹر بنانا بھی ہماری فراخ دلی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 32 سال سے جلا وطنی کاٹ رہا ہوں،ہم پر جھوٹے الزامات بھی لگائے گئے لیکن ہم مایوس نہیں ہوئے اور شہادتیں دیتے رہے اب ہمارے شہیدوں کا لہو رنگ لا رہا ہے۔الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں اسٹیٹس کو اور دیگر خرابیاں ہیں، ملک میں اسٹیٹس کو کی مخالف اور عوامی نمائندہ جماعت ایم کیوایم ہی ہے اور اس کی برابری دنیا کی کوئی جماعت نہیں کرسکتی، ایم کیو ایم تمام طبقات کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اسی لیے عوام متحدہ کے پرچم تلے جمع ہوجائیں کیونکہ ملک میں انقلابی تبدیلی ایم کیوایم ہی لائے گی۔

الطاف حسین نے کارکنوں کو مبارکباد دی کہ لیبر ڈویژن کے یوم تاسیس پر انہیں تحفے میں دو بلامقابلہ سینیٹر ملے۔ سینیٹ کے انتخابات میں امیدوار وں کی بلا مقابلہ کامیابی کی خوشی میں جشن منایا گیا۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں