پاکستان اسٹیل کے ملازمین کا پانچ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف مظاہرہ

ہفتہ 28 فروری 2015 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28فروری۔2015ء) پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے کے خلاف ملازمین اور معصوم بچوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ اور دہرنا ۔ ملازمین نے دو ماہ کی تنخواہ دینے کے اعلان کو مسترد کردیا ۔ فیس نہ ہونے کے باعث بچے اسکولوں سے بے دخل اور قرضہ ادا نہ کرنے پر دوکانداروں نے راشن دینا بند کردیا ہے ، گھروں میں بھوک و افلاس ہے ، اسٹیل مل کا بحران مزدوروں کیلئے معاشی قتل اور افسران کیلئے عیاشی کا سبب بنا ہوا ہے ، وفاقی حکومت مدد کرے : مزدوروں کا مطالبہ ۔

۔ تفصیلات کے مطابق ؛ ملک کے سب سے بڑے صنعتی ادارے پاکستان اسٹیل ملز میں انتظامی اور مالی بحران کے باعث ہزاروں مزدور بھوک و افلا س اور شدید بد نظمی کا شکار ہوگئے ہیں اور مسلسل احتجاج و مظاہرے کئے جارہے ہیں ، گذشتہ روز ملازمین اور ان کے معصوم بچوں نے گلشن حدید سے نیشنل ہائی وے تک احتجاجی ریلی نکال کر دہرنا دیا ، جس میں مظاہرین کے ہاتھ میں پلے کارڈ اور بینر زتھے جن پر اسٹیل مل بچاوٴ ، کرپشن ختم کرو ، مزدوروں کو بھوک و بدحالی سے بچاوٴ کے نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی قیادت مزدور اتحاد پاکستان اسٹیل کے رہنما وجاہت کمبرانی ، یاسین جامڑو ، عبدالفتاح بھٹو ، امجد زرداری ، فیاض سیال و دیگر کر رہے تھے ، ریلی جب نیشنل ہائی وے پہنچی تو دہرنا دیا گیا ، اس موقع پر مزدورہنماوٴں نے کہا کہ اسٹیل مل کا بحران مزدوروں کیلئے معاشی قتل اور افسران کیلئے عیاشی کا سبب بن رہا ہے، وفاقی حکومت مالی پیکجز کے انجیکشن دینے کے بجاء کرپشن کیخلاف فیصلہ کن آپریشن کرکے ہزاروں مزدوروں کے مستقبل کو بچائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ہمارے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی پر اسکول سے بے دخل کیا جارہا ہے جبکہ قرض واپس نہ رینے پر دکانداروں نے راشن دینا بھی بند کردیا ہے ، انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ بڑے عرصے سے اسٹیل ملز کے ملازمین شادیوں اور فوتگیوں میں شریک نہیں ہورہے ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دو ماہ کی تنخواہ دینے کے بجائے پانچ ماہ کی تخواہ ادا کرکے تنخواہوں کو مستقل کیا جائے اور اسٹیل مل کو فروخت کرنے کے بجائے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں