”پاکستان ایکسپو 2015ء“ میں جاپانی مصنوعات نے پاکستانی درآمد کنندگان و مقامی تاجروں و صنعتی حلقوں کے دل موہ لئے

ہفتہ 28 فروری 2015 13:11

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔28 فروری 2015) کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری مُلک کی سب سے بڑی تجارتی و صنعتی نمائش ”پاکستان ایکسپو 2015ء“ میں جاپانی کمپنیوں کی تیار کردہ صنعتی و گھریلو مصنوعات نے اپنی منفرد خصوصیات و عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کی بدولت پاکستانی درآمد کنندگان و مقامی تاجروں و صنعتی حلقوں کے دل موہ لئے۔ نویں پاکستان ایکسپو 2015ء میں جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائیزیشن (JETRO) کے زیرِ اہتمام لگائے گئے اسٹال میں نمائش کردہ آٹو موبائل، الیکٹرانکس، صنعتی مشینری، آلاتِ جراحی، ریٹیل آئٹمز و ہوم اپلائنسز سمیت جاپانی کمپنیوں کی تیار کردہ نِت نئی مصنوعات و برقی آلات نے نمائش میں موجود دیگر ممالک کی مصنوعات پر واضح سبقت حاصل کرتے ہوئے حاظرین کی ایک بڑی تعداد کی خصوصی توجہ حاصل کی۔

(جاری ہے)

ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 4 میں قائم کردہ جیٹرو پویلین نے پاکستان ایکسپو 2015ء میں مقامی تاجروں و صنعتی حلقوں کی مرکزی توجہ حاصل کر رکھی ہے جو جاپانی مصنوعات کی گزشتہ چند دہائیوں میں عالمی سطح پر قائم برتری کا واضح ثبوت ہے۔ جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائیزیشن (JETRO) جاپانی حکومت سے منسلک ایک ذیلی ادارہ ہے جو جاپان کی دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی و کاروباری روابط کے فروغ میں کوشاں ہے۔

جیٹرو کا قیام 1958ء میں عمل میں آیا اور اس وقت یہ ادارہ ملک جاپان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے فعال مرکزی عامل کے طور پر جانا جاتا ہے۔ پاکستان کے صنعتی و تجارتی فروغ میں جیٹرو نے ہر ممکنہ طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے تاجروں و صنعتی حلقوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہوئے خطے کی مجموعی اقتصادی خوشحالی کے لئے راستہ ہموار کر رہا ہے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 9 ویں پاکستان ایکسپو 26 فروری تا یکم مارچ 2015ء جاری رہے گی جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے صنعتی و تجارتی وفود بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں