وزیر بلدیات کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کمشنر نے شہر میں بارشوں کے پیشنگوئی کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایمرجنسی نافذ کردی

جمعہ 27 فروری 2015 23:14

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم نے شہر میں بارشوں کے پیشنگوئی کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لازمی سروسز سے متعلق تمام محکموں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ لازمی سروسز مہیا کرنے والے تمام محکموں کے افسران و اہلکارتاحکم ثانی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

متوقع بارش کی پیشنگوئی پر میونسپل سروسز ،فائربریگیڈ، ورکس اینڈ سروسز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر، ایڈورٹائزمنٹ ، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو الرٹ کردیا گیا ہے اور ان محکموں کے سینئر ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ متوقع بارش میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے اور برساتی پانی کی فوری نکاسی سمیت دیگر کاموں کے لئے ہر طرح کی تیاری مکمل کرلی جائے اور افسران و عملے کی ڈیوٹیوں کا تعین کرکے ہر ممکن کوشش کی جائے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کمشنر نے محکمہ ورکس اینڈ سروسز اور میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ وہ ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دیں تاکہ شہر کے پلوں اور سڑکوں کے گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کی مرمت اور ان تمام جگہوں کی فوری صفائی کی جائے جہاں ماضی میں برساتی پانی کھڑا ہونے کی شکایت ملی ہے، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی اقدامات رات دن کام کرکے مکمل کئے جائیں اور تمام ڈی واٹرنگ پمپس کی مرمت اور صفائی کے کاموں کو مکمل کرکے پمپوں کو تیار پوزیشن میں رکھا جائے جن جگہوں پر گزشتہ سالوں میں پانی رکنے کی شکایت تھی ان جگہوں پر زیادہ توجہ دی جائے اور پانی کی نکاسی کی لائنوں اور نالیوں کو صاف کیا جائے اور جہاں نکاسی کا نظام نہیں وہاں ڈی واٹرنگ پمپ تیار رکھے جائیں ، میٹروپولیٹن کمشنر نے کے ایم سی کے تمام اسپتالو ں میں ایمرجنسی ادویات اور ضروری اشیاء کا انتظام کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کو ہدایت کی ہے کہ بارشوں میں کسی بھی متوقع حادثے خصوصاً درختوں کے گرنے کی صورت میں فوری ہٹانے کے کام کے لئے ٹیمیں تیار رکھی جائیں ، تمام گاڑیاں اور ڈرائیور سوک سینٹر میں قائم کنٹرول روم میں ڈیوٹی پر موجود رہیں اور محکمہ انجینئرنگ تمام چیف انجینئرز کو پابند بنائے کہ وہ تمام حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو کسی بھی مشکل صورتحال سے بچایا جاسکے۔

کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری رابطے کے لئے سٹیزن کمپلین سینٹر 1339 ،فائربریگیڈ 16 کے علاوہ محکمہ میونسپل سروسز اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ڈپارنمنٹ سے رابطے کی سہولت دستیاب رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں