بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شدید مزاحمت اور فائرنگ کے باوجود کے پی ٹی فلائی اوور اور قیوم آباد کے علاقے میں قائم تجاوزات کو مسمار کردیا

جمعہ 27 فروری 2015 23:14

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے شدید مزاحمت اور فائرنگ کے باوجود تجاوزات ہٹانے کے کام کو جاری رکھتے ہوئے کے پی ٹی فلائی اوور اور قیوم آباد کے علاقے میں قائم تجاوزات کو مسمار کردیا جبکہ فٹ پاتھ سے 100 سے زائد ٹھیلے، لوہے کے کیبن، کاؤنٹرز، ویلڈنگ کا سامان بشمول گیس سلنڈر، ٹائر پنکچر شاپس پرانا فرنیچر، بانس کے لاتعداد چھپرے اور دیگر سامان کو ہٹا کرکے ایم سی محمود آباد اسٹور میں جمع کرادیا ، انسداد تجاوزات کی کارروائی کے دوران عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شرپسند عناصر نے ایک سرکاری گاڑی کو نذر آتش کردیا اورعملے پر فائرنگ اور شدید پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں کے ایم سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت انسداد تجاوزات کے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی ، تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران 10ٹرک ، ایک شاول، دو لفٹرز اور دیگر مشینری استعمال کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وسیم الدین، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کورنگی آصف خان صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد رفیق، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر آصف جٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان صدیقی،افسران اور 50 سے زائد پولیس اہلکار موجود تھے، واضح رہے کہ وزیربلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر گرین اینڈ کلین کراچی مہم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم انجام دی جا رہی ہے، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تعمیر کردہ مختلف فلائی اوورز کے نیچے تجاوزات مافیا نے تجاوزات کی بھرمار کردی ہے جسے ہٹانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، سرکاری زمین کو واگزار کرانے کے بعد یہاں شجرکاری اور سبزہ کاری سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا اور شہریوں کو صحت افزاء ماحول فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا کو متنبہ کیا گیا ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں سمیت دیگر جگہوں پر قائم کردہ تجاوزات کو ازخود خالی کردیں بصورت دیگر محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں بلاتاخیر ہٹا دیا جائے گا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے، فٹ پاتھوں اور دیگر علاقوں میں قائم کردہ تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے اس مہم کے ذریعے شہریوں کو پیدل چلنے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں