پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مواقع کے حوالے کانفرنس 10 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گی،وفاقی وزیر تجارت ،

جو دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو مزید تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انجینئرخرم دستگیر خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 27 فروری 2015 22:26

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) وفاقی وزیر برائے تجارت انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی مواقع کے حوالے کانفرنس 10 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گی جو دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو مزید تقویت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور امریکی صدر باراک اوبامہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس Pak-US Business Opportunity Conference کا تیسرا ایڈیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تجارت کے حوالے سے مارچ میں معاشی ہفتہ بھی منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا ٹریڈ پارٹنر ہے، پاکستان کی امریکہ کو برآمدات 3 ارب 71 کروڑ ڈالر سے زائد ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے 150سے زائد کاروباری حضرات کا کانفرنس میں آنا متوقع ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے تجارت نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے اور اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انرجی کے بحران کے خاتمے کے لئے بھی کوششیں کر رہی ہے اور اس حوالے سے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ صرف سیکورٹی کے معاملات پر نہیں بلکہ معاشی تعاون بھی کر رہا ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان امریکہ کے قومی مفاد میں ہے، توانائی بحران سمیت پاکستان میں کئی چیلنجز موجود ہیں جن سے نکلنے کیلئے امریکہ پاکستان کی مدد کرتا رہے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری برائے تجارت روبینہ اختر، صدر امریکن بزنس کونسل ارشد سعید حسین و دیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں