شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کے باوجود قتل وغارت کا تسلسل جاری،

فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اہلسنت والجماعت کے علاقائی رہنما اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا

جمعہ 27 فروری 2015 22:10

شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کے باوجود قتل وغارت کا تسلسل جاری،

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کے باوجود قتل وغارت کا تسلسل جاری ہے۔ جمعہ کو فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اہلسنت والجماعت کے علاقائی رہنما اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے غوثیہ چوک مومن آباد تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر جانے والے افراد پر فائرنگ کردی ۔

عینی شاہدین کے مطابق مقتولین موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار افراد نے انتہائی قریب سے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مقتولین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت سید علی حیدر زیدی اور سید سلیم اصغر زیدی کے نام سے ہوئی ہے جو نماز جمعہ کے بعد اپنی منزل کی جانب جارہے تھے کہ وہ نامعلوم دہشت گردوں کا نشانہ بن گئے۔

گلستان جوہر کے علاقے صفورہ چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بھی 2 افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اہلسنت والجماعت کے علاقائی رہنما اور مدرسے کے مہتمم قاری یاسر شاہد جاں بحق جبکہ ان کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی اور زخمی کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق حالیہ ٹارگٹ کلنگ بظاہر فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔

اختر کالونی میں بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جھاڑیوں سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ لاش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آنے کے بعد پولیس کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ شہر میں اسنیپ چیکنگ سخت کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں