مسلمان علم و ادب کے میدان میں دشمنوں سے پہلے مرعوب تھے اور نہ اب ہوں گے،ڈاکٹرمزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 27 فروری 2015 20:57

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 27 فروی 2015ء) جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں نظریاتی محاذ پر نئی نسل کو خصوصی نشانہ بنا رہی ہیں۔ مسلمان علم و ادب کے میدان میں دشمنوں سے پہلے مرعوب تھے اور نہ اب ہوں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کتاب اور قلم سے رشتہ توڑا نہیں جاسکا۔ دارالاندلس کے پلیٹ فارم سے نئے چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں اجتماع جمعہ اور بعد ازاں مکتبہ دارالاندلس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خالد بن ولید روڈ پر کراچی میں دارالاندلس کے تیسرے شوروم کا آغاز کردیا گیا۔ افتتاح طارق روڈ یونین کے صدر اسلم بھٹی نے کیا۔ اس موقع پر جماعة الدعوة کے ضلعی امراء محمد مبین، حافظ سمیع اللہ، شعبہ اساتذہ پاکستان کے نائب ناظم بلال حیدر، دارالاندلس کراچی کے انچارج عبدالرؤف و دیگر ذمہ داران سمیت معززین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

طارق روڈ یونین کے صدر اسلم بھٹی نے دارالاندلس بک شوروم کے قیام پر جماعة الدعوة کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مکتبہ دینی کتب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی اس طرح کہ بک شوروم قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں نے تقویٰ اور علم کی بنیاد پر دنیا پر حکمرانی کی۔

جب سے ہم نے علم کی روایت پر عمل کرنا چھوڑ دیا، ہم پستیوں میں گرتے چلے گئے۔ دنیا میں تخلیقی صلاحیتوں کو پیدا کیے بغیر قیادت نہیں کی جاسکتی۔ پیغمبر آخر الزماںﷺ نے انسانیت کو علم سے روشناس کرایا۔ وہ علم آج ہمارے پاس قرآن و سنت کی شکل میں موجود ہے۔ اگر ہم نے قرآن و سنت کا مطالعہ کرنا چھوڑ دیا تو ہم علم کی حقیقت کو نہیں پہچان پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دارالاندلس کے قیام کا اہم مقصد نئی نسل کی ذہنی تربیت کا انتظام کرنا ہے۔ دینی و اصلاحی کتب ہر گھر کی ضروت ہے۔ کتاب اور قلم سے رشتے کی مظبوطی معاشرتی بگاڑ کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔ دارالاندلس کراچی کے انچارج عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ جماعة الدعوة کے اشاعتی ادارے کا قیام 1992ء میں عمل میں لایا گیا۔ سیرت، تفسیر، حدیث، تاریخ، فقہ و دیگر اصلاحی و معاشرتی موضوعات پر 350 سے زائد کتب شائع کرچکے ہیں۔ کراچی میں گلشن اقبال اور ڈیفنس کے بعد پی ای سی ایچ سوسائٹی میں تیسرا شوروم قائم کردیا گیا۔ اس کے قیام کا دائرہ شہر کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں