پی آئی اے نے ناروا سلوک پر 10 مارچ تک بنگلادیش کے لئے پروازیں منسوخ کردیں

جمعہ 27 فروری 2015 13:03

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) قومی ائیر لا ئن پی آئی اے نے بنگلادیشی سیکیورٹی ایجنسیز کے منفی رویئے کے باعث تمام پروازیں 10 مارچ تک منسوخ کردیں۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ بنگلادیشی انٹیلی جنس اہلکاروں کے ملازمین اور مسافروں سے ناروا سلوک پر احتجاج تمام پروازیں 10 مارچ تک منسوخ کردی گئی ہیں اور اس دوران کوئی پرواز مسافروں کو لے کر ڈھاکا نہیں جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ پی آئی اے حکام اور عملے کو ہراساں کرنے کے خلاف پروازیں منسوخ کی گئیں اور معاملے کے حل تک احتجاج جاری رہے گا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیشی حکام نے ڈھاکہ میں تعینات پی آئی اے کے کنٹری مینجر علی عباس کے گھر پر 3 روز قبل چھاپہ مارا اور حکام نے سونا اور کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام لگاکر کئی گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی اور اس دوران اہلخانہ کو ہراساں بھی کیا گیا جبکہ ناروا سلوک پر منیجر علی عباس اہلخانہ سمیت وطن واپس آگئے،بنگلہ دیشی حکام نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ بدھ کو کراچی سے ڈھاکہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پر بھی چھاپہ مارا اور ڈھائی گھنٹے تک طیارے کی تلاشی لی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں