سیدہ زینب، کی تعلیمات کو اپنا کر طالبان و داعش کا مقابلہ کیا جاسکتاہے، متحدہ علماء محاذ

جمعرات 26 فروری 2015 22:38

سیدہ زینب، کی تعلیمات کو اپنا کر طالبان و داعش کا مقابلہ کیا جاسکتاہے، متحدہ علماء محاذ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام یوم جشن ولادت نواسی رسول سیدہ بی بی زینب ملک بھرمیں عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت منعقدہ سیمینارمیں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ چیئرمین مولانا انتظارالحق تھانوی، مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے امیر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے علامہ غلام مصطفی رحمانی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، سنی اتحاد کونسل کے مفتی فیصل عزیزی، علامہ شاہدین اشرفی،علامہ علی کرارنقوی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے سیدہ طاہرہ بی بی زینب کی سیرت اور افکار و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ اسلام و ملک دشمن طالبان و داعش کا مقابلہ سیدہ زینب کی جرأت و استقامت کو اپنا کر کیا جا سکتاہے۔ حکومت سیدہ بی بی زینب کے نام سے خواتین کے لئے ایوارڈ کا اجراء کرے۔ اخبار و جرائد خصوصی اشاعت اور ٹی وی چینلز خصوصی مذاکروں کا اہتمام کریں۔ اہل بیت اطہار ،ازواج مطہرات و بنات رسول کے ذکر خیر کی مجالس ملک میں امن و اخوت، محبت، رواداری و خوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوں گی۔

مقدس شخصیات کی تعلیمات کو اپنا کر ملک سے دہشت گردی، فرقہ واریت کا خاتمہ ممکن ہے۔ سیمینار میں مسلم لیگ (ق) کے انور شاہ کاشمیری،آل پاکستان مسلم لیگ کے ملن، تنظیم الاخوان کے سید لئیق احمد،آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے صغیر عابد رضوی،حافظ عبدالرحمن عثمانی،جے یو پی کے محمد شکیل قاسمی،فرحان علی آغا، مظاہر ہاشمی نے امن و اتحاد کیلئے اہل بیت اطہار کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر سانحہ پشاور ،سانحہ شکارپور اور افواج پاکستان کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی و دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں