اہلسنّت کے صبرکومزیدنہ آزمایاجائے،علامہ قاضی احمدنورانی،

جے یوپی آج علماء کی گرفتاریوں، جھوٹے مقدمات اور انتظامیہ کی جانب سے لینڈمافیاکی سرپرستی کے خلاف یوم احتجاج منائے گی، اجلاس سے خطاب

جمعرات 26 فروری 2015 20:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) جے یوپی آج لاؤڈاسپیکر پر پابندی،علماء کرام کی گرفتاریوں، جھوٹے مقدمات اورانتظامیہ کی جانب سے لینڈمافیاکی سرپرستی کے خلاف یوم احتجاج منائے گی۔جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی کے زیرصدارت گزشتہ روزمنعقدہ اجلاس میں انتظامیہ کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی آڑ میں علماء ومشائخ اور میلادآرگنائزرزکو ہراساں کئے جانے اور ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور اس بات کا فیصلہ کیاگیاکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مسلسل زیادتیوں کے خلاف بھرپوراحتجاج کالائحہء عمل تیارکیاجائے گا، اس سلسلے میں آج پرامن احتجاج ہوگا۔

اجلاس میں گلشن سکندر کورنگی میں مدرسے اور فلاحی پلاٹ پر لینڈمافیاکے قبضے کے خلاف آوازبلند کرنے پر مفتی ہارون کمال امجدی اور دیگر علماء پرزمان ٹاؤن تھانے میں درج جھوٹی ایف آئی آر کی بناء پر گرفتارکرکے جیل بھیجنے اور علاقہ پولیس وانتظامیہ کی سرپرستی میں لینڈمافیاکی جانب سے گلشن سکندر کے پلاٹوں پر مسلسل غیر قانونی تعمیرات اور مسجدہارون گلشن سکندر کا تقدس پامال کرنے پر شدید غصے اور مذمت کا اظہارکیاگیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی نے کہاکہ اہلسنّت وجماعت کے صبرکومزیدنہ آزمایاجائے، دہشتگردی کے خاتمے میں تعاون کو کمزوری سے تعبیرنہ کیاجائے،پاکستان کے قیام اور استحکام میں ہمارے آباؤ اجداد کا خون اور پسینہ شامل ہے، ملک کو لوٹ کا مال سمجھنے والے ہوش کے ناخن لیں ،اہلسنّت بانیان پاکستان، محب وطن اور اسلام کے حقیقی ترجمان ہیں، حکمران اکھنڈ بھارت کے حامیوں اور دہشتگردی میں ملوث ٹولے کے خلاف کارروائی کرے ،درودوسلام سے دہشتگردی نہیں امن وآشتی پھیلتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ علماء کرام کی گرفتاریوں اورمساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتارنے کا سلسلہ بند نہیں ہواتوبھرپور احتجاج کریں گے،شرکاء نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوراًاکیسویں آئینی ترمیم سے لاؤڈ اسپیکر پر پابندی کی شق کوختم کرے۔اجلاس میں جے یوپی کراچی کے سینئرنائب صدر مفتی محمدرفیع الرحمٰن نورانی ، جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، نائب صدرور علامہ عبدالغفاراویسی، نسیم احمدخان غوری، صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی، جوائنٹ سیکریٹری محمودخاں عسکری، سیدعمران حسین، ضلعی اور ٹاؤن عہدیداران مولاناشیخ محمدعثمان غوری، مولاناشوکت حسین مغل رضوی، علامہ خلیل احمدنورانی، مفتی نثاراحمدقادری، صاحبزادہ عبدالرحمٰن صابری، حاجی عبدالرحیم نورانی، حافظ عبدالشکورنورانی، قاری ہارون نعیمی، مولاناہدایت الرحمٰن ہزاروی، قاری ضمیر سعیدی، محمدصدیق نقشبندی، پروفیسرانواراحمدشیخ، صوفی اعجاز نقشبندی، قاری رفیق چشتی، قاری منیرعالم، مولاناشاہدقادری، مولانافقیرمحمدعطاری ودیگر شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں