بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سڑکوں پر قائم کار شو رومز کے باہر فٹ پاتھ اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے پر شو روم مالکان کو 72 گھنٹے کا نوٹس جاری ،

مقررہ وقت کے اندر اندر گاڑیوں کو نہ ہٹایا گیا تو بلدیہ عظمیٰ کراچی انسداد تجاوزات بائی لاز کے تحت بحق سرکار ان گاڑیوں کو ضبط کرلے گی ۔بلدیہ عظمیٰ کراچی

جمعرات 26 فروری 2015 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نیو ایم اے جناح روڈ، خالد بن ولید روڈ اور دیگر سڑکوں پر قائم کار شو رومز کے باہر فٹ پاتھ اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے پر شو روم مالکان کو 72 گھنٹے کا نوٹس جاری کردیا اور ہدایت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر اندر گاڑیوں کو نہ ہٹایا گیا تو بلدیہ عظمیٰ کراچی انسداد تجاوزات بائی لاز کے تحت بحق سرکار ان گاڑیوں کو ضبط کرلے گی اور مالکان کو ضبط کی ہوئی گاڑیاں چھڑانے کے لئے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا لہٰذا یہ ان کے اپنے مفاد میں ہے کہ وہ ازخود 72 گھنٹے کے اندر متبادل انتظامات کرکے مصروف شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کریں اور شہریوں کو سہولت مہیا کریں۔

صوبائی وزیر بلدیات نے جمعرات کو شہر کے دورے کے موقع پر خالد بن ولید روڈ اور دیگر شاہراہوں کا خود معائنہ کیا اور میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم کو ہدایت کی کہ سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ہو رہا ہے اور شہریوں کو ان کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ، شو روم مالکان کا یہ حق نہیں کہ وہ فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قبضہ کرکے کاروبار کریں لہٰذا فوری طور پر ان سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو خالی کرایا جائے، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی نے خالد بن ولید روڈ اور دیگر علاقوں میں تعمیر ہونے والی عمارات کی وجہ سے سڑکوں پر پڑے ہوئے ملبے اور دیگر تعمیراتی سامان کی موجودگی کا سخت نوٹس لیا ہے اور تمام زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان کو اس سلسلے میں نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ انسداد تجاوزات کے اہلکاروں کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو فٹ پاتھ اور سڑکوں پر لگے ہوئے ہورڈنگز سمیت تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر جاری آپریشن کو مزید تیز کریں تاکہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کو سہولت مہیا کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں