رواں مالی سال پہلی ششماہی ؛کے الیکٹرک کا منافع 100فیصدسے زائد اضافے سے 13 ارب 88 کروڑ روپے تک پہنچ گیا

جمعرات 26 فروری 2015 17:30

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کے الیکٹرک نے 13 ارب 88 کروڑ روپے منافع ظاہر کیا ہے جوکہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 100فیصد سے بھی زائد ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کے الیکٹرک کے ششماہی منافع میں 3 ارب روپے زائد کا منافع چوری، لوڈ ریگولرائزیشن، ایریل، ایوریج اور دیگر مدات میں کی جانے والی اوسط بلنگ کے نام پر ظاہر کیاگیا ہے۔

کے الیکٹرک نے مالی 2014-15 کی پہلی ششماہی کی مالیاتی رپورٹ جاری کردی جس کے تحت ادارے کو پہلی ششماہی میں 13 ارب 88 کروڑ روپے کا منافع ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال برائے 2013-14 کی سالانہ رپورٹ میں ہونے والا منافع 12 ارب روپے سے زائد تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ 6 ماہ کے دوران کے الیکٹرک کے صارفین کی تعداد میں صرف 2 فیصد اضافہ ہوا، بجلی کے نرخ میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیاگیا اور نہ ہی بجلی کی پیداواری صلاحیت میں کوئی خاطر خواہ اضافہ ہوا تاہم اس کے باوجود کے الیکٹرک کے منافع میں100فیصد سے زائد اضافہ انتہائی غیر معمولی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بینک چارجز، سروس چارجز اور میٹر رینٹ کی وصولی کے خلاف نیپرا میں متعدد درخواستیں گذشتہ کئی سال سے زیر سماعت ہیں اور پہلی ششماہی کی رپورٹ میں 3 ارب روپے اضافی بلنگ کی مد میں وصول کیے گئے ہیں۔کے الیکٹرک ایریل بلنگ، بجلی کی چوری، ڈی ٹیکشن اور دیگر مدوں میں اضافی بل جاری کرتی ہے اور شہریوں کی جانب سے اضافی بلنگ کو بلا جواز قرار دیا جاتا رہا ہے جبکہ نیپرا نے اس سلسلے میں کراچی میں ایک خصوصی سماعت کا اہتمام بھی کیا تھا جس میں شہریوں نے کے الیکٹرک کی اضافی بلنگ کے خلاف شکایات کے انبارلگادیے تھے تاہم ادارے کی جانب یہ سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے تاحال جاری ہے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں