پاکستان کو پر امن ،خوشحال بنانا حکومت کا دیرینہ خواب ہے جسے پورا کر رہے ہیں ، محمد نواز شریف

جمعرات 26 فروری 2015 16:22

کراچی ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015 ) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پر امن اور خوشحال بنانا حکومت کا دیرینہ خواب ہے ، جسے پورا کر رہے ہیں ۔ ملک میں فتنہ پھیلانے اور دہشت گردی کرنے والی تنظیموں کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ کسی کے ہاتھ میں ناجائز اسلحہ برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اسلحہ صرف اب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھ میں ہو گا ۔

2018ء تک کراچی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔ ایکسپو پاکستان کے انعقاد سے عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مصنوعات اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ اگلے تین سالوں میں برآمدات کو 50 ارب ڈالر تک پہنچائیں گے ۔ تاجروں اور صنعت کاروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس کے نظام کو آسان بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی ایکسپو سینٹر میں تجارتی شعبے کی سب سے بڑی نمائش نویں ایکسپو پاکستان 2015 ء کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو ایس ایم منیر ، سیکرٹری رابعہ جویری ، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت ( ایف پی سی سی آئی ) کے صدر میاں محمد ادریس سمیت تاجر و صنعت کاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

اس نمائش میں 350 سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں ۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ایکسپو پاکستان نمائش میں شرکت میرے باعث فخر ہے ۔ نمائش کے انعقاد سے عالمی سطح پر صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور پاکستان کی مصنوعات دنیا بھر کی منڈیوں میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا آنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ نمائش پہلے کے مقابلیمیں اس مرتبہ زیادہ کامیاب ہوئی ہے اور بیرونی سرمایہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت امداد کی بجائے تجارت بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں بنائی جانے والی مصنوعات کو عالمی مارکیٹوں تک رسائی ملے تاکہ ہم برآمدات میں اضافہ کرکے ملک کو خود کفیل بنا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت دوست پالیسی کے تحت ملک کی مالیاتی پالیسی کو بہتر کرنے کے لے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ملک میں امن اور معیشت کی بہتری ہے ۔

ملک میں توانائی کا بحران ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور توانائی کے بحران کو حل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر ایک پر امن شہر تھا نہ جانے اس کو کس کی نظر لگ گئی ۔ کراچی میں اغواء برائے تاوان اور جرائم کی وارداتیں نہیں ہونی چاہیئں ۔ کراچی شہر میں امن کی بحالی کے لیے پانچ سال قبل ہی اقدامات کیے جانے چاہئے تھے لیکن ہم نے حکومت سنبھالتے ہی کراچی کو پر امن بنانے کے لیے آپریشن شروع کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو پر امن بنانا ہمارا وژن ہے ۔ امن ہو گا تو معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو جائے گی ۔ کراچی کاروبار کے حوالے سے مرکزی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں حکومتی پالیسیوں کے باعث معاشی حالات سازگار ہو رہے ہیں ۔ ٹیکسٹائل برآمدات کے لیے نئی پالیسی بنائی ہے ، جس سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو گا اور 2019ء تک ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 39 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے ، جسے پورا کریں گے ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ میں عالمی سرمایہ کاروں کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔ سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تحفظ اور مدد فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا مفت تجارت کے معاہدے پر عمل درآمد جاری ہے ، یورپییونین کی جانب سے پاکستان کو جی پی پلس کا درجہ دینا ملکی تجارت کے لیے بہترین اقدام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول ، ٹیکسٹائل مصنوعات اور دیگر اشیاء کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ صنعت کار اور بزنس کمیونٹیپاکستانی مصنوعات کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کریں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ پھیلانے والوں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور ملک کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔

انہوں نے نمائش میں بزنس کمیونٹی کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا کہ کاروباری حضرات کے لیے ٹیکس کی ادائیگی کا آسان طریقہ کار بنایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ٹیکس ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کامیاب نمائش کے انعقاد پر وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی کو مبارکباد دی ۔ قبل ازیں نمائش سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا کہ ایکسپو پاکستان کے انعقاد سے عالمی سطح پر یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان تجارت کے لحاظ سے ایک کامیاب ترین ملک ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

اس مرتبہ بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان کی مصنوعات دنیا بھر میں زیادہ سے زیادہ متعارف ہوں تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں ، نئی صنعتیں لگ سکیں ۔ انہوں نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کامیاب نمائش کے انعقاد پر ان کو مبارکباد پیش کی ۔

تقریب کے اختتام پر وزیر اعظم میاں نواز شریف اور دیگر نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹال کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ثقافتی شو کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ نمائش میں 65سے زائد ممالک کے ایک ہزارمندوبین نے شرکت کی جبکہ 6 ہالز میں مجموعی طور پر 525 اسٹالز لگائے گئے تھے۔ نمائش میں پڑوسی ملک بھارت سمیت17ممالک نے شرکت کی نمائش میں 350 نمائش کنندگان نے شرکت کی نمائش یکم مارچ تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں