جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاورائیاں تیز کرنے سے امن وامان کی صورتحال بہترہورہی ہے ، سیاسی جماعتوں اورحکومتی سطح پر مکمل تعاون کیا جارہا ہے، ڈی جی رینجرز بلال اکبر

بدھ 25 فروری 2015 23:28

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) ڈائریکٹرجنرل رینجرز بلال اکبر نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاورائیاں تیز کرنے سے امن وامان کی صورتحال بہترہورہی ہے ، سیاسی جماعتوں اورحکومتی سطح پر مکمل تعاون کیا جارہا ہے جس سے نظام کو بہترانداز میں چلانے میں مددملے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری (کاٹی)کی جانب سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر کہی اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر،کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی، سینیٹرعبدالحسیب خان،میاں زاہدحسین،کاٹی کی امن واما ن کمیٹی کے چیئرمین ندیم خان نے بھی اظہارخیال کیا جبکہ اس موقع پر کاٹی کے سینئر نائب صدر طارق ملک اور نائب صدر طارق باغپتی، زبیر چھایا،فرخ مظہر،احتشام الدین ،جوہرعلی قندھاری اور دیگربھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں رینجرز کی پیٹرولنگ بڑھادی گئی ہے اور صبح وشام کے دوران رینجرز پیٹرولنگ سے معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔انہوں نے کورنگی سمیت شہر کراچی کے حالات اور معاملات پربھی تبادلہ خیال اور پولیس سمیت دیگر اداروں میں بہتری کے لیے دی جانے والی تجاویزات پر عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر نے کہا کہ کراچی کے تاجروصنعتکارماضی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث پریشان تھے لیکن اب صورتحال یکسر تبدیل ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہرکراچی میں پانی کامسئلہ سنگین نوعیت اختیارکرتاجارہا ہے اور صنعتکاروں سمیت عوام کو ملنے والے پانی کو چوری کرکے فروخت کردیا جاتا ہے جوکہ تشویش کاباعث بن رہا ہے کیونکہ اس طرز عمل سے حقیقی تاجروصنعتکاروں اور عوام کوپانی دستیاب نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے باوجود ابھی تک ان کا فعال نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے ،فوجی عدالتوں سے جلد ازجلد سزا کاعمل شروع ہونا چاہیے اور دہشت گردوں کو کیفرکردارتک پہنچایاجائے ۔سینیٹرعبدالحسیب خان نے کہا کہ کراچی کی صورتحال تبدیل کرنے میں وزیراعظم اور رینجرز کا بڑا اہم عمل دخل رہا ہے جبکہ چند عناصر تبدیلی نہیں چاہتے تھے لیکن صورتحال اب بہتراندازمیں نظرآرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان اور رینجرز کے باعث زندہ ہیں کیونکہ دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کا بہت کامیاب آپریشن جاری ہے ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ شہر کراچی کے مشکل ترین حالات کو رینجرز نے سنبھالا دیا ہے ،پانی کے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کوختم کرنے کے لیے رینجرز کاکردارقابل تحسین ہے جبکہ شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہوتی جارہی ہے ۔

کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی نے کہا کہ افواج پاکستان کے چیف جنرل راحیل شریف کانام مستبقل میں محسن پاکستان کے طورپریادرکھا جائیگا کیونکہ آپریشن ضرب عصب نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی ہے اور امن وامان کی صورتحال بہتربنانے کے لیے پاکستان رینجرز اورپولیس کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔کاٹی کی کمیٹی برائے امن وامان کے چیئرمین ندیم خان نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں رینجرز کی موجودگی سے امن وامان کی صورتحال بہترہوئی ہے اگر مناسب ہوتو کورنگی صنعتی علاقے سے وابستہ تھانے میں رینجرز کے کسی اہلکار کوبھی تعینات کردیا جائے تاکہ تھانے کے معاملات کومزیدبہتربنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں