کراچی ، یوسف پلازہ میں سعودی عرب پلٹ کمپیوٹر انجینئر کو ٹارگٹ کلرز نے اس کے معصوم بچے کے سامنے 17 گولیاں مار کر قتل کردیا۔،

معصوم بچہ آنکھوں کے سامنے باپ کا قتل دیکھ کر حواس کھو بیٹھ

منگل 24 فروری 2015 23:23

کراچی ، یوسف پلازہ میں سعودی عرب پلٹ کمپیوٹر انجینئر کو ٹارگٹ کلرز نے اس کے معصوم بچے کے سامنے 17 گولیاں مار کر قتل کردیا۔،

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) کراچی کے علاقے یوسف پلازہ میں سعودی عرب پلٹ کمپیوٹر انجینئر کو ٹارگٹ کلرز نے اس کے معصوم بچے کے سامنے 17 گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ معصوم بچہ آنکھوں کے سامنے باپ کا قتل دیکھ کر حواس کھو بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح یوسف پلازہ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 معراج مٹھائی والے کے قریب مکان R-271 کا رہائش پذیر 30 سالہ نوجوان فیصل ولد صفدر اپنے بیٹے کو اسکول وین میں بٹھانے کیلئے صبح سویرے گھر کے باہر کھڑا تھا اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ٹارگٹ کلرز آئے اور معصوم بیٹے کے سامنے فیصل کو 17 گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

مقتول سعودی عرب کے شہر ریاض میں کمپیوٹر انجینئر کی ملازمت کرتا تھا اور جمعہ کے روز ہی چھٹیوں پر کراچی آیا تھا۔

(جاری ہے)

مقتول کا بیٹا بہادرآباد میں واقع حبیب پبلک اسکول میں زیر تعلیم تھا۔ اسکول وین صبح ساڑھے 5 بجے آتی تھی اس لئے فیصل بیٹے کو وین میں ڈراپ کرنے کیلئے کھڑا تھا۔ آنکھوں کے سامنے باپ کا قتل دیکھ کر مقتول کا 7 سالہ بیٹا حواس کھو بیٹھا۔ مقتول 3 بچوں کا باپ تھا، اہل خانہ کے مطابق متوفی کا کسی سیاسی، مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی کسی سے دشمنی تھی۔ ایس ایچ او یوسف پلازہ اکرم آرائیں کے مطابق قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، ملزمان نے 4 گولیاں مقتول کے نازک اعضاء پر ماریں ہیں۔ ادھر گلشن اقبال، نیپا چورنگی کے قریب فائرنگ سے اصغر ولد فرید زخمی ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں