کرکٹ ٹیم پر خرچ کی جانے والی اربوں کھربوں کی رقم کو تعلیم اورصحت پر لگایاجائے، سیدخالد شاہ

منگل 24 فروری 2015 20:22

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی چیئرمین سیدخالد شاہ نے دس سال کے لئے قومی کرکٹ ٹیم پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کرکٹ ہماراقومی کھیل نہیں ہے، اس پر اربوں اور کھربوں روپے ضائع کرنے کے بجائے حکومت تعلیم اور صحت کے میدان میں وسائل بروئے کارلائے۔ یہ بات انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفترمیں ان کے زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں مرکزی وعلاقائی عہدیداران شریک تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیدخالد شاہ نے کہاکہ پاکستان ایک غریب ملک ہے جو اندرونی اور بیرونی دہشتگردی جیسے چیلنجز کا شکارہے، ان حالات میں قومی کرکٹ ٹیم پر اربوں اور کھربوں کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے، حالانکہ کرکٹ ہماراقومی کھیل بھی نہیں ہے اور اس شعبے میں سوائے رسوائی اور مایوسی کے ہمیں کچھ نہیں حاصل نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر ہمارے کھلاڑیوں پر مختلف اسکینڈلز میں ملوث ہونے کی وجہ سے پابندیاں اور جرمانے عائد ہورہے ہیں جس کی وجہ سے پوری قوم کو شرمندگی کاسامناکرناپڑرہاہے، بولرزکے ایکشن کو چیلنج کیاجارہاہے، جس کے باعث ہمارے کھلاڑی کرکٹ سے باہر ہورہے ہیں، لیکن کوئی پوچھنے والانہیں ہے ، کوچ آخر کیاکررہے ہیں؟اوراگرپابندیاں غلط لگائی جارہی ہیں تو موٴثر احتجاج کیوں نہیں کیاجاتا؟ ۔

انہوں نے کہاکہ ہر مرتبہ ایساہی کچھ ہوتاہے ، کرکٹ پر لگائی جانے والی خطیر رقم ضائع ہوتی ہے،ورلڈ کپ کے بجائے بدنامی ہی ہمارے حصے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں کرکٹ کا کوئی فائدہ نظرنہیں آرہابہتر یہی ہوگاکہ اس پر خرچ کی جانے والی رقم تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں پر خرچ کی جائے تاکہ قوم کا بچہ بچہ اچھی صحت اور اچھی تعلیم سے آراستہ ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ اگر کرکٹ کے معیارکو بہتر بناناہے تو اسکولوں، کالجزاور یونیورسٹیز کی سطح پر کرکٹ کو فروغ دیاجائے اور سلیکشن صرف جذبہء حب الوطنی، کاکردگی اور نظم وضبط کی بنیادوں پر کی جائے۔پیسوں کالالچ دے کر اچھی پرفارمنس کی توقع نہ کی جائے۔ آخرمیں شرکاء نے دعاکی کہ اللہ کچھ ایساسیٹ بنادے کہ ہماری کرکٹ ٹیم فائنل میں پہنچے اور ورلڈ کپ جیت کر آئے تاکہ ہماری قوم صدمے اور غم وغصے سے باہر آسکے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں