سندھ حکومت کی”صاف ستھرا، ہرابھرا ِ ِ ، پرُامن سندھ “ ویک مہم کا خیرمقدم،

کراچی میں صفائی ستھرائی سال بھر جاری رہنی چاہیے ،چیئرمین بی ایم جی، صفائی ستھرائی کے امور کی نجکاری ،برساتی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، سراج قاسم تیلی

پیر 23 فروری 2015 23:14

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) بزنس مین گروپ (بی ایم جی )کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت کی ”صاف ستھرا، ہرابھرا ِ ِ ، پرُامن سندھ “ ویک مہم کا خیرمقدم کیا ہے اور مہم کو سپورٹ کرتے ہوئے زور دیاہے کہ یہ مہم صرف ایک ہفتے پر محیط نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے سال بھر جاری رہنا چاہیے تاکہ شہر کو مستقل بنیادوں پرصاف ستھرا بنایاجاسکے۔

شہر کے ہر ٹاوٴن میں مستقل بنیادوں پر صفائی مہم کویقینی بنانے کے لیے موٴثر اقدامات عمل میں لائے جائیں اس ضمن میں کراچی چیمبرہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بی ایم جی کے وائس چیئرمین طاہر خالق،کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ،سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

چیئرمین بی ایم جی سراج قاسم تیلی نے حکومت سندھ کی صفائی مہم میں کراچی چیمبر کے ممکنہ موٴثر کردار کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبر کے صدرفوری طور پر تمام 7صنعتی ٹاوٴن ایسوسی ایشنز کوخطوط ارسال کریں گے جس میں انہیں پابند کیاجائے کہ وہ اپنی فیکٹریوں کے اردگرد ،گلیوں ،فٹ پاتھ اور علاقے میں صفائی ستھرائی کویقینی بنائیں اورکچرا ویگر فضلات فیکٹریوں کے قریب پھینکنے کے بجائے مخصوص جگہوں پر پھینکنے کو شعار بنائیں۔

کے ایم سی بھی مخصوص جگہوں سے پابندی سے برقت کچرا اٹھانے کویقینی بنائے۔تمام ٹاوٴن ایسوسی ایشنز بھی کچرا پھینکنے کی مخصوص جگہوں پرجانچ رکھے اور کچرا وقت پر نہ اٹھائے جانے کی صورت میں فوری طور پرکراچی چیمبر کو آگاہ کریں تاکہ متعلقہ حکام کو تیزی سے کام کرنے پر زور دیاجائے۔سراج قاسم تیلی نے کہاکہ تاجربرادری اپنی فیکٹریوں کے ارد گرد صفائی و ستھرائی کو برقرارکھیں گے اورشجرکاری مہم شروع کرتے ہوئے وال چاکنگ کوبھی مٹائیں گے نیز ہر قسم کا کچرا مخصوص جگہوں پرہی پھنکیں گے تاہم کے ایم سی اور مختلف ٹاوٴنز کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔

چیئرمین بی ایم جی نے کہاکہ تاجربرادری مالی طور پر تعاون تو نہیں کرے گی لیکن شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ماضی کی طرح پارک اور چوراہے بھی گود لینے پر غور کرسکتی ہے۔ ہم مختلف صنعتی ٹاوٴنزمختلف صنعتی ٹاوٴنز میں پارک اور چوراہے گودلے سکتے ہیں جسے خوبصورت و سرسبز بنانے اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی ہماری ہو گی تاکہ شہرکی خوبصورتی میں اضافہ کیاجاسکے۔

سراج قاسم تیلی نے تجویز دیتے ہوئے کہاکہ شہر کو صاف ستھرا بنا نا ایک بڑا ہدف ہے کیونکہ3500اسکوائرکلو میٹرز فٹ کے رقبے پر محیط ہے اوراس کی آبادی سوا دوکروڑ 25 سے زائد ہے لہٰذا اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے صفائی کے کام کونجی شعبے کو دے دیا جائے یا پھر باہر سے یہ کام کروایا ئے۔اس اقدام سے مثبت نتائج کے حصول میں مدد ملے گی جبکہ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے نالوں کی صفائی کا کام بھی کنٹریکٹ کی صورت میں کسی نجی ادارے کو دے دیا جائے۔

چیئرمین بی ایم جی نے کہاکہ برساتی پانی کے نکاسی کے لیے بنائے گئے اکثریت نالوں پرقبضہ ہو گیا ہے جہاں پانی کی نکاسی کے لیے انتہائی کم جگہ رہ گئی ہے مگر وہ بھی پلاسٹک کی تھیلیوں اور کچرے کی وجہ سے بند ہو گئی ہے۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمتی سے گزشتہ سال زیادہ بارشیں نہیں ہوئیں اور اگراس سال زیادہ بارشیں ہو گئیں اور برساتی نالوں کو صاف نہیں کیا گیا تو پورے شہر میں ایک آفت کی صورت حال پیدا ہوجائے گی جس سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں