پاکستان کیمیکلزاینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن نے کسٹمز گائیڈلائنز، ویلیوایشن رولنگ پرائس غیر منصفانہ قراردیدی

پیر 23 فروری 2015 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن( پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین ہارون نثار نمبردار نے محکمہ کسٹمز کی گائیڈ لائنز اور ویلیوایشن رولنگ پرائس کو مسترد کرتے ہوئے غیر منصفانہ قرار دیا ہے اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) سے مدد طلب کرتے ہوئے کمرشل امپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔

پی سی ڈی ایم اے کی جانب سے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایم منیر کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دیے گئے عشائیے سے خطاب میں ہارون نثار نمبر دار نے کہا کہ صرف کراچی سے تعلق رکھنے والے درآمدکنندگان پر گائیڈ لائنز اور ویلیو ایشن رولنگ پرائس مسلط کرنا باعث مذمت ہے جس کے نتیجے میں درآمد کنندگان کو درآمدی مال کلیئر کرانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 3فیصد ویلیو ایڈیشن کی ادائیگی کے باوجود آڈٹ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

(جاری ہے)

عشائیہ تقریب سے مہمان خصوصی ٹی ڈی اے پی کے سی ای او ایس ایم منیر، ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس،سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو،نائب صدرمحمد وسیم وہرہ نے بھی خطاب کیا جبکہ ناصرالدین فتح ککڈا نے اختتامی کلمات ادا کیے۔تقریب میں پی سی سی ڈی ایم اے کے سابق چیئرمین شوکت ریاض،گلزار شفیع،ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران، کنوینروجوائنٹ کنوینرکے علاوہ تاجربرادری کی اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔

چیئرمین پی سی ڈی ایم اے ہارون نثار نمبردار نے اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کمرشل امپورٹرز 5زیرو ریٹڈ سیکٹرز، برآمدی صنعتوں اور چمڑے کی صنعتوں کو پیداواری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے خام مال کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا ایف پی سی آئی کمرشل امپورٹرز کی نمائندہ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لے تاکہ پی سی ڈی ایم اے ممبران کی مشکلات کا حل نکالا جاسکے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایس ایم منیرنے پی سی ڈی ایم اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اسٹیک ہولڈز کو آن بورڈ لے کر ہی معاشی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز تر کیاجاسکتا ہے اور اس ضمن میں ایف پی سی سی آئی اپنا مثبت کردار اداکرنے کے لیے تیار ہے تاجربرادری کے مسائل اگر حل نہ ہوں تو پھر فیڈریشن کاکوئی فائدہ نہیں۔

ایف پی سی سی آئی میں ماضی میں ہونے والی کرپشن پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برسوں کی بادشاہت اورلوٹ مار کے ڈپارٹمنٹ کا خاتمہ آسان کام نہیں تھا مگر تاجربرادری کے اتحاد اور تعاون سے ایف پی سی سی آئی کو کرپٹ عناصر سے پاک کردیا۔ماضی میں ایف پی سی سی آئی بینک کرپٹ تھا مگر اب اسے منافع بخش بنانا ہے اور یہ ٹاسک فیڈریشن کے موجودہ صدر میاں ادریس ضرور پورا کریں گے۔

ایس ایم منیر نے سانحہ پشاور میں شہیدبے گناہ بچوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی قربانی نے تمام سیاستدانوں کو نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا بلکہ دھرنے بھی ختم ہو گئے اور فوجی عدالتیں بھی بن گئیں ۔ امید ہے کہ ہمارا ملک دہشت گردی سے پاک اور معاشی طور پر مضبوط ہو گا۔انہوں نے ایف پی سی سی میں ماضی میں برسراقتدار رہنے والوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ تاجربرادری کی بولی لگانے والے جان لیں کہ تاجر برادری متحدہو گئی ہے اور اب انہیں کوئی نہیں خرید سکتا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدر میاں محمد ادریس نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی تمام چیمبرز،ایسوسی ایشنز اور اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کرتاجربرادری کو درپیش مسائل برق رفتاری سے حل کرنے کا خواہش مندہے،ایف پی سی سی آئی میں کوئی بھی غلط کام نہیں ہونے دیں اور اگر ایسا کچھ دکھائی دے تو فوری نشاندہی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ادارے بہتر ہوں گے تو کارکردگی بہتر ہوگی اور یہ تب ہی ممکن ہے جب اسٹیک ہولڈرز خود حصہ لیں اور رہنمائی کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں