3قومی جوڈو کھلاڑی جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے 20 فروری کو ہنگری روانہ ہوں گے

بدھ 14 فروری 2018 12:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) 3قومی جوڈو کے کھلاڑی جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے 20فروری کو ہنگری روانہ ہوں گے۔ پی جے ایف کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان کے مطابق فیڈریشن نے تین کھلاڑیوں کے نام ہنگری میں تربیت کیلئے فائنل کر دیئے ہیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن شاہ حسین شاہ، قیصر خان اور افتخار احمد کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کیلئے ہنگری بھجوائے گی جبکہ مدثر علی کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔

تربیتی پروگرام 2 ماہ پر محیط ہو گا جس میں شرکت کیلئے قومی کھلاڑی20فروری کو ہنگری روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑی ہنگری میں آئی جے ایف ٹریننگ کیمپ میں تربیت حاصل کریں گے اور وہاں پر بین الاقوامی کوچ انہیں بھر پور تربیت دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے قیصر خان کو ارجنٹائن میں ہونے والے یوتھ اولمپک 2018ء کیلئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

قیصر خان کو یوتھ اولمپک سے قبل کوالیفائنگ رائوند کو عبورکرنا پڑے گا۔ یوتھ اولمپکس کیلئے کوالیفکیشن راونڈ شروع ہوگئے۔ مسعود احمد خان نے کہاکہ فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ اور افتخار احمد کو جاپان میں ہونے والے 2020ء اولمپکس گیمز کیلئے تیارکرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے کوالیفکیشن رائونڈ اگست کے بعد شروع ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں