پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کیمپ پر حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے الزام کو مستردکردیا

پاکستان پر الزام تراشی بھارت کا معمول بن چکا ،بھارت کا دھمکی آمیز لہجہ پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نقصان پہنچائے گا ،ترجمان دفتر خارجہ

منگل 13 فروری 2018 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کیمپ پر حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے الزام پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی اب بھارت کا معمول بن چکا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے، بھارت کا دھمکی آمیز لہجہ پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نقصان پہنچائے گا،پاکستان کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ ریمارکس سے متعلق منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پر الزام تراشی بھارت کا معمول بن چکا ہے ،بھارت کی جانب سے بغیر کسی ثبوت الزام تراشی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے دھمکی آمیز لہجے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ایل او سی پر مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کی وجہ سے پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نقصان پہنچائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی الزامات قبل از وقت اور نامناسب ہیں ،بالخصوص بھارت خود تسلیم کرتا ہے کہ آپریشن اب بھی جاری ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم بارہا دیکھ چکے ہیں کہ بھارت خود ہی منصف اور جلاد کا کردار ادا کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں