سینیٹ میں مردم شماری 2017کے حوالے سے بحث کی اجازت نہ ملنے پر پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم ،فاٹا ، بلوچستان کے سینیٹر ز نے واک آئوٹ کردیا ، سینیٹر سسی پلیجو اور چیئرمین سینیٹ نے بحث کے بعد سسی پلیجو بھی واک آئوٹ

پیر 6 نومبر 2017 20:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) ایوان بالا میں مردم شماری 2017کے حوالے سے بحث کی اجازت نہ ملنے پر پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم ،فاٹا ، بلوچستان کے سینیٹر ز نے واک آئوٹ کردیا ، سینیٹر سسی پلیجو اور چیئرمین سینیٹ نے بحث کے بعد سسی پلیجو بھی واک آئوٹ کر گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے موخر شدہ تحریک مردم شماری 2017کے حوالے سے اٹھائے گئے تحفظات سے پیدا ہونے والی صورتحال کو ایوان میں زیر بحث لانے کیلئے تحریک پیش ہوئیں تو وفاقی وزیر قانون وانصاف زاہد حامد نے کہا کہ متعلقہ وزیر کامران مائیکل چھٹیوں پر ہیں جس کی وجہ سے وہ متعلقہ سینیٹر کے سوالات کے جوابات دینے سے قاصر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس تحریک کو وفاقی وزیر کے آنے تک موخر کردیا جائے جس پر سینیٹر تاج حیدر نے چیئرمین سینیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رولنگ تھی کہ اگلے پرائیویٹ ممبر ڈے پر اس بحث کو نمٹایا جائے گا جس پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ چھٹیوں پر ہیں اس سلسلے میں وہ ہی جواب دے سکتے ہیں جس پر سینیٹر عثمان کاکڑ ، سینیٹر باز محمد خان ، سینیٹر اعظم سواتی ، سینیٹر طاہر حسین مشہدی اور سینیٹر سسی پلیجو کا موقف تھا کہ مردم شماری میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں پائی گئیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی آبادی زیادہ دکھائی گئی جبکہ فاٹا اور بلوچستان کی آبادی کو کم دکھایا گیا ہم اس مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں ۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ مردم شماری کے بارے میں ہم اپوزیشن کے نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہیں ، ان کے ساتھ واک آئوٹ میں شریک ہوں گے ۔ سینیٹر سسی پلیجو نے مائیک ملنے پر سخت احتجاج شروع کردیا جس پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور سینیٹر سسی پلیجو میں کافی دیر تک تکرار رہی ۔

چیئرمین سینیٹ بار بار بیٹھنے کو کہہ رہے تھے لیکن وہ مسلسل احتجاج کرتی رہیں بعد میں وہ ایوان سے واک آئوٹ کر گئیں ۔و فاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ مردم شماری کے شروع ہونے سے پہلے تمام پارلیمانی جماعتوں نے اس پر متفقہ اتفاق کیا تھا بعد حکومت پر الزام تراشیاں شروع کردی گئیں ۔چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر مشاہد اللہ سے کہا کہ وہ اپوزیشن کا واک آئوٹ ختم کرا کے انہیں واپس لائیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں