وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات‘ خطہ میں سلامتی اور استحکام اور پاک۔افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال

پیر 6 نومبر 2017 19:38

وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات‘ خطہ میں سلامتی اور استحکام اور پاک۔افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطہ میں سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ بری فوج کے دورہ کابل کے تناظر میں پاک۔افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے مشیر قومی سلامتی کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان اور افغان قیادت کے ردعمل سے آگاہ کیا جو کہ دہشت گرد حملوں کے باوجود کافی حوصلہ افزاء تھا۔

انہوں نے خطہ میں پائیدار امن کیلئے بری فوج کے سربراہ کے دورہ کے بعد پاک۔افغان تعلقات میں مزید اعتماد سازی کی تجویز پیش کی۔ برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو سیاسی، سفارتی، فوجی اور انٹیلی جنس تعاون ہر سطح پر بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان میں سیاسی حل کے ذریعے پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس عمل میں رکاوٹیں پیدا نہیں کر رہا، ہم سب کو مثبت سوچ، افغان حکومت اور امریکہ پر اعتماد کی ضرورت ہے، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔ تھامس ڈریو نے کہا کہ برطانیہ خطہ میں استحکام اور پاک۔افغان امن عمل میں سہولت کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے۔ فریقین نے خطہ میں امن کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں