احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں وزارت کامرس کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے صدر رانا فرید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

ملزم پر 9 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے ، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ،مزید تحقیقات کیلئے ریمانڈ درکار ہے نیب نے رانا فرید کے انکشافات کی روشنی میں ہائوسنگ سوسائٹی کے نائب صدر عامر شاہ کی گرفتاری کا بھی فیصلہ کیا ہے، نیب پراسکیوٹر

پیر 6 نومبر 2017 19:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) اسلام آبا دکی احتساب عدالت نے کرپشن الزام میں گرفتار وزارت کامرس کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے صدر ملزم رانا غلام فرید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ، نیب نے گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ،نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 9 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے ، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں،مزید تحقیقات کیلئے ریمانڈ درکار ہے ، نیب نے رانا فرید کے انکشافات کی روشنی میں وزارت کامرس ہائوسنگ سوسائٹی کے نائب صدر عامر شاہ کی گرفتاری کا فیصلہ کیا ہے ،نائب صدر نے 250پلاٹوں کے جعلی الاٹمنٹ لیٹرسوسائٹی ممبران کو دے کرڈیڑھ ارب روپے سے زائد اکٹھے کئے جبکہ 227پلاٹوں کے نمبر لگا کر8لاکھ روپے فی پلاٹ وصول کئے۔

(جاری ہے)

پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزارت کامرس انڈسٹریز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی میں کرپشن کیس کی سماعت کی ، نیب نے گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم رانا غلام فرید کو عدالت میں پیش کیا،نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رانا غلام فرید پر 9 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں، مزید تحقیقات کیلئے ریمانڈ دیا جائے، وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے مطابق دستاویزی شواہد کی بنیاد پر غلام فرید کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا،ایسی صورت میں جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت نہیں، عدالت نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا، دوسری طرف نیب ذرائع کے مطابق دوران تفتیش رانا غلام فرید نے انکشاف کیا ہے کہ ہائوسنگ سوسائٹی E-19فتح جنگ میں سوسائٹی کے نائب صدر عامر شاہ نے عوام سے دھوکا دہی اور فراڈ کے ذریعے اربوں روپے اس وقت ہتھیائے جب وہ قائمقام صدر کے عہدے پر فائز رہا،اس وقت تک کی تحقیقات کے مطابق عامر شاہ نے سوسائٹی کے ارکان کو 250پلاٹوں کے جعلی الاٹمنٹ لیٹردیئے جن سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کی گئی جبکہ 227پلاٹوں کے نمبربھی عامر شاہ نے قائمقام صدر کی حیثیت سے لگانے کی منظوری دی اور8لاکھ روپے فی پلاٹ وصول کئے گئے۔

نیب ذرائع کے مطابق عامر شاہ نے 250جعلی آفرلیٹرز کے بدلے اکٹھی کی جانے والی رقم رضاکارانہ طور پر سوسائٹی انتظامیہ کو واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس کیلئے ملزم نے ڈیڑھ ارب روپے کا چیک سوسائٹی انتظامیہ کو دیا جو ڈس آنر ہو چکا ہے۔ملزم رانا فرید سے ہونے والی تحقیقات کی روشنی میں عامر شاہ کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا،واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے ہائوسنگ سوسائٹیوں کی طرف سے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دے رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں