قومی ہینڈبال ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،کوچ مرزا سلطان محمود

بدھ 8 فروری 2017 12:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) قومی ہینڈبال ٹیم کے کوچ مرزا سلطان محمود نے کہا ہے کہ قومی ہینڈبال ٹیم اسلامک سولیڈیٹری گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ہینڈبال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے جس میں ملک بھر سی20 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں آصف علی، زاہد علی، عاصم سعید، محمد عثمان انجم، شہزاد طارق، محمد زبیر، عمران خان، مزمل حسین، شاہد بشیر، وقار احمد، محمد شاہد پرویز، حضرت حسین، ذاکر حسین، محمد نواز، محمد مبین اشرف، آصف حیات، محمد عثمان(مون)، خرم شہزاد، عبدالغفور، شاہد مختار شامل ہیں اور ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ مرزا سلطان محمودکے علاوہ اسسٹنٹ کوچز عابد حسین اور محمد صہوب تربیت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو دو سیشنز میں صبح و شام فزیکل تربیت دی جاتی ہے اور اس کے علاوہ ہفتے میں دو دن فٹنس کیلئے ویٹ ٹریینگ بھی کی جاتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا چنائو قومی ہینڈبال چیمپئن شپ کے دوران میرٹ کی بنیاد ملک و قوم کے مفاد میںکیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے جس سے ملک میں کھیلوں کا نظام بہتر ہوگا جس میں تعلیمی اداروں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک سولیڈیٹری گیمز 12 مئی سے باکو ، آزربئیجان میں شروع ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں